اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ توانائی کے شعبے میں درپیش مسائل پر قابو پانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے اور اس ضمن میں بھرپور عوامی آگاہی مہم بھی چلائی جائے ، بجلی اورگیس کی چوری میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیر اعظم آفس میں ریاستی ملکیتی اداروں کی کارکردگی میں بہتری کی غرض سے لئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔عمران خان نے کہا توانائی کے شعبے میں سنگین انتظامی و مالی مسائل ورثے میں ملے ، اس کے باوجود ہماری اولین ترجیح رہی ہے کہ ان مسائل کی وجہ سے عوام الناس پر کم سے کم بوجھ پڑے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ محض انتظامی تبدیلیاں موجودہ صورتحال کے پیش نظر ناکافی ہوں گی، ہمیں وزارت توانائی اور پٹرولیم میں ہر سطح پر بہترین پروفیشنلز اور ٹیکنالوجی پر عبور رکھنے والے افراد کی خدمات حاصل کرنا ہوں گی۔انہوں نے کہا سالہا سال کی کرپشن اور نااہلی نے نظام کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیا ، ہنگامی صورتحال غیرروایتی اقدامات کی متقاضی ہے ۔وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ ہر ادارے کے سربراہ کی کارکردگی کو اہداف کی تکمیل سے منسلک کیاجائے ، برسوں سے رائج غیر موثر اور کرپشن سے آلودہ نظام اگر ڈیلیور نہیں کر رہا تو اس کا بوجھ کسی صورت عام آدمی پر ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیراعظم نے وزارت توانائی اور پٹرولیم سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے ایمرجنسی پروگرام مرتب کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ سسٹم کی اصلاح کے عمل کا بوجھ عام آدمی پر کم سے کم پڑے ۔وزیر اعظم کے زیرصدارت حکومتی اورپارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں کراچی میں لیگی رہنماؤں کی ایم کیو ایم سے ملاقات کا بھی تذکرہ ہواتووزیراعظم نے کہا سیاسی لوگ آپس میں ملتے ہیں، یہی جمہوریت ہے ، حکومت کوایسی ملاقاتوں سے کوئی نقصان نہیں ،ایم کیوایم حکومت کی اتحادی جماعت ہے ، سندھ کے معاملات پرایم کیوایم اوردیگراتحادی رابطے میں ہیں۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی ایس ایل پربھی بات چیت کی گئی، پاکستان میں پی ایس ایل کے مکمل انعقادپروزیراعظم نے اظہاراطمینان کرتے ہوئے کہا دبئی میں پی ایس ایل کے دوران ہمارے سٹیڈیم خالی ہوتے تھے ، پاکستان کے کرکٹ سٹیڈیم میں شائقین کی تعدادقابل تعریف ہے ، سیاحت کے شعبہ میں بھی حکومت مسلسل کام کررہی ہے ،سیاحوں کی پاکستان آمدمیں دوگنا اضافہ ہواہے ۔وزیر اعظم نے ترجمانوں کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ آپ حکومت کا حصہ ہیں، اپوزیشن کی طرح سطحی باتیں نہ کریں،میڈیا پر مکمل اعدادوشمار کے ساتھ جایاکریں،حکومت کے مثبت اقدامات اعدادوشمارکے ساتھ اجاگر کریں،مہنگائی میں کمی کے لئے تمام اقدامات کی خود نگرانی کررہاہوں۔ وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان اور ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کا مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف آواز بلند کرنے پر مشکور ہیں۔