لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو لگتا ہے کہ آج بھی تمام حکومتیں ان کی اپنی ماضی کی حکومت کی طرح قانون کے برخلاف کام کرتی ہیں۔ ایک ٹویٹ میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ ماضی میں مخالف پارٹیوں کے قیدیوں کو ہر طرح کی اذیتیں دی جاتی تھیں، طبی سہولیات تو کجا، ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا جاتاتھا، وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس کے برعکس تحریک انصاف کی حکومت نے بطور قیدی آپ کے حقوق سے بڑھ کر سہولیات فراہم کیں،جیل مینوئل کے مطابق ہفتے میں ایک ملاقات کی اجازت ہے جو ضرور کروائی جائے گی،وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرپشن کے کینسر نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کیا ہے ۔مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ملک میں کرپشن کے خلاف علم بلند کیا ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے کرپشن کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے معروف فوک گلوکارہ نسیم سیمی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں مرحومہ کی فوک گلوکاری کے میدان میں خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نسیم سیمی نے فوک گلوکاری میں اپنا منفرد مقام بنایا، وزیراعلیٰ پنجا ب عثمان بزدار نے 92 نیوز کے سینئر رپورٹر اور لاہور پریس کلب کے کونسل ممبر فاروق جوہری کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ مرحومہ کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔