بہاولپور، سمہ سٹہ ،احمد پور شرقیہ (نامہ نگاران، مانیٹرنگ ڈیسک، ایجنسیاں )وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کی پیروی کرتے ہوئے موجودہ حکومت قانون کی بالادستی کی حامل فلاحی ریاست کے قیام کیلئے کوشاں ہے ، کرپشن کے خاتمہ کیلئے قوم کوساتھ دینا ہوگا،جب تک قوم ساتھ نہیں دیگی قانون کی بالادستی قائم نہیں ہوسکتی جبکہ وزیراعظم نے سپر یم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے تاحیات نااہلی ختم کرنے کی درخواست پر برہمی کااظہار بھی کیا۔ بہاولپور ڈویژن میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قرارداد مقاصد میں پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست قرار دیا گیا تاہم ہم یہاں اسلامی فلاحی ریاست نہ دیکھ سکے ، برطانیہ میں ضرور فلاحی ریاست دیکھی جہاں سرکاری ہسپتالوں میں پیسے دے کر اور مفت علاج کرانے والوں میں ڈاکٹر اور عملہ کوئی فرق روا نہیں رکھتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ نبیؐﷺ تمام انسانوں کیلئے رحمت بن کر آئے ، ان کی سنت پر جو بھی چلے گا وہاں برکت آئے گی۔برطانیہ، ناروے سمیت دیگر ممالک فلاحی ریاستیں ہیں، مسلم دنیا میں کوئی بھی حقیقی فلاحی ریاست نہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں یونیورسل ہیلتھ کوریج نہیں، ہم پورے پاکستان کو مفت یہ سہولت فراہم کر رہے ہیں ۔ ہر جگہ سرکاری ہسپتال قائم کرنے کیلئے ہمارے پاس وسائل نہیں ، قومی صحت کارڈ سے دیہی علاقوں میں بھی نجی شعبہ میں ہسپتال بنیں گے ، یہاں کے لوگوں کے پاس بھی علاج کیلئے صحت کارڈ کی صورت میں پیسے میسر ہوں گے ۔ اس سے صحت کے شعبہ میں انقلاب آئے گا، ملکی تاریخ میں پہلی بار پنجاب حکومت صحت کارڈ پر 400 ارب روپے خرچ کر رہی ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں ہمارے حکمرانوں کو کھانسی بھی ہوتی تھی تو پورا ٹبر علاج کیلئے بیرون ملک چلا جاتا تھا، میں نے اپنی والدہ کی تکلیف دیکھ کر شوکت خانم ہسپتال بنایا۔ دنیا کے مستند میگزین اکانومسٹ نے تین سال میں کوویڈ کے دوران پاکستان کی پالیسیوں کو دنیا کی تین بڑی معیشتوں میں شمار کیا ہے ، بلوم برگ نے دس سال کیلئے پاکستان کی پائیدار معیشت کا تجزیہ کیا ہے ، ورلڈ بینک نے معاشی نمو 5.37 فیصد ہونے کی تصدیق کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ صحافی اور تجزیہ نگار تنقید ضرور کریں لیکن اس میں توازن رکھیں، بعض عناصر کی طرف سے نااہل قرار دی جانے والی حکومت دنیا کی معیشتوں میں تیسری پوزیشن پر کیسے آ گئی؟ ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے دنیا پاکستان کے قائدانہ کردار کی معترف ہے ، برطانیہ کے وزیراعظم نے پاکستان کے ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے کردار کو سراہا، اس کے علاوہ احساس پروگرام کو بھی دنیا سراہ رہی ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ حکمرانوں کے نام بھی دنیا کے بڑے میگزینوں میں آئے ہیں تاہم ان کی وجہ شہرت کرپشن اور چوری تھی۔ اب ورلڈ ریکارڈ میں لکھا جائے گا کہ شہباز شریف کے بیٹے کی شوگر مل کے چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں 4 ارب روپے کیسے آ گئے ۔ ہمارا مقابلہ ڈاکوؤں کے ٹولے سے ہے ، یہ چوری کریں تو انہیں این آر او مل جاتا ہے ، پھولوں کے ہار پہنائے جاتے ہیں۔ اس ملک کا سابق وزیراعظم لندن کی مہنگی ترین جگہ پراربوں روپے کی جائیداد کا جواب دینے کی بجائے اپنے بچوں سے پوچھنے کی بات کرتا ہے جبکہ اس کے بچوں کا موقف ہے کہ وہ پاکستان کے شہری نہیں ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا وعدہ ہم پورا کریں گے وہ آئندہ بہاولپور میں سیکرٹریٹ کے افتتاح کیلئے آئیں گے ۔وزیر اعظم عمران خان نے تاحیات نااہلی ختم کرنے کے لئے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کرنے پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن پر تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ بار ایسوسی ایشن کہتی ہے کہ جھوٹ بول کر باہر جانے والے کو پھر سے موقع دینا چاہیے تاکہ وہ آکر پھر سے میچ کھیلے ، اگر آپ کو اس میں کوئی برائی نظر نہیں آتی تو پھر غریبوں کو جیلوں میں کیوں بند کیا ہوا ہے ، پھر اگلی درخواست یہ بھی کردیں کہ پورے پاکستان کی جیلیں کھول دی جائیں۔وزیراعظم نے اس موقع پر بہاولپور ڈویژن کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد میں صحت کارڈ تقسیم کرکے پروگرام کا باقاعدہ اجرا کیا۔ وزیراعلی پنجاب نے بھی ہیلتھ کارڈز تقسیم کئے ۔ تقریب سے وزیراعلیٰ ، وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے بھی خطاب کیا۔ دریں اثنا بہاولپور ڈویژن میں شامل اضلاع رحیم یار خان، بہاولپور اور بہاولنگر کے ایک کروڑ 5 لاکھ سے زائد افراد کی شمولیت کے بعد پنجاب میں قومی صحت کارڈ سے مستفید ہونے والے اہل گھرانوں اور افراد کی تعداد میں 63 فیصد اضافہ ہو جائے گا۔