لاہور(اپنے رپورٹر سے )احتساب بورڈ محکمہ بلدیات پنجاب سرکاری اراضی، ماسٹر پلان کے درست استعمال کو یقینی بنانے کے لیے برسرپیکار ہو گیا۔ سرکاری اراضی کے استعمال، منصوبوں میں کرپشن کی روک تھام کے لیے بلدیاتی اداروں سے ماسٹر پلان پر رپورٹ طلب کر لی گئی ہے ۔ احتساب بورڈ نے بلدیاتی اداروں کو یکم مارچ تک ماسٹر پلان پر رپورٹ جمع کروانے کے لیے خط لکھ دیا۔اس حوالے سے سیکرٹری بلدیا ت پنجاب نورالامین مینگل کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے ماسٹر پلان کی تیاری سے حتمی شکل تک رپورٹ جمع کروانے کے پابند ہوں گے ۔کرپشن، بد عنوانی اور اختیارات سے تجاوز کو روکنے کے لیے ہی احتساب بورڈ تشکیل دیا گیا ہے ۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق قوم کے وسائل کو امانت سمجھ کر حفاظت کریں گے ۔ دریں اثنا سیکرٹری بلدیات پنجاب نورالامین مینگل کی زیر صدارت پنجاب رورل سسٹین ایبل واٹر سپلائی اینڈ سینی ٹیشن پراجیکٹ پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ چیئر مین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور ورلڈ بینک کے کنسلٹنٹس نے جائزہ اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے بڑا فیصلہ کیا گیا۔ متعلقہ کمشنر کو منصوبوں کی نگرانی کا اختیار دینے کے لئے سٹیرنگ کمیٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ 16دیہی تحصیلوں میں 86 ارب روپے کی مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کا پی سی ون بھی فائنل کر لیا گیا، جو پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کو ارسال کر دیا گیا۔