مکرمی! کراچی میں لینڈ گریبرز کے خلاف کاروائی میں سیاسی عناصر اور کچھ اراکین اسمبلی رکائوٹ بن رہے ہیں ۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ و چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ انسداد تجاوزات مہم میں رکائوٹ ڈالنے والے لینڈ گریبرز اور منشیات فروشوں کے خلاف انتظامیہ کو کاروائی کا حکم دیں۔ اورنگی میں جاری آپریشن روکنے کے لئے ایک خاتون رکن اسمبلی ،اور اسکے کارندے بلدیہ عظمی کراچی کے افسران کو سنگین نتایج کی دھمکیاں دے رہے ہیں ، انکے خلاف بینرز بازی کی مہم چلاکر فون کرکے بلیک میل اور بھتہ مانگا جا رہا ہے۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر اورنگی بلدیہ کراچی کو قتل کی دھمکیاں اور بینزر لگا کر بلیک میل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔گلشن ضیاء کی چائنا کٹنگ ، اکبر شہید چوک پر فلاحی زمینوں ، تھورانی گوٹھ ، فلاحی زمینوں اورنگی پر جمیل ضیاء کا قبضہ ہے جسے واگزار نہیں کرنے دیا جا رہا ۔ بندوق بردار گھوم رہے ہیں۔ دسمبر کا آپریشن رکوانے کے لئے تابڑ توڑ کاروائیاں کی جا رہی ہیں میری حکام بالا بالخصوص چیف جسٹس سے التماس ہے کہ وہ شہر قائد سے لینڈ مافیا کے قلع قمع کرنے کے لیے فوری نوٹس لیں ۔ (رباب جعفری کراچی)