پشاور(نیٹ نیوز) پی ایس ایل کی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی بھی پشاوری چپل کے دلدادہ نکلے ۔ویسٹ انڈین کھلاڑی اور پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی پی ایس ایل فور کے لیے پشاور پہنچ گئے جہاں انہوں نے پشاور ی چپل کی فرمائش کی۔ اس موقع پر ان کے لیے مختلف پشاوری چپلیں منگوائی گئیں جس میں بند اور پنجے دار ڈیزائن شامل تھے ۔علاوہ ازیں ڈیرن سیمی کو مختلف رنگ کی چپلیں بھی دکھائی گئیں جن میں سے ڈیرن سیمی نے بند چپل پسند کیں اور 3 رنگ پیلے ، کالے اور خاکی رنگ کی پشاوری چپلیں اپنے لئے لے لیں۔پشاور زلمی کے کپتان پاکستان پہنچے تو اسلام آباد ائیرپورٹ پر چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی نے ان کا استقبال کیا۔ وہ اسلام آباد سے موٹروے کے ذریعے پشاور ٹول پلازہ پہنچے تو شہریوں نے ان کا استقبال کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے ۔ اس موقع پر ان کی سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔ڈیرن سیمی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور مہمان نوازوں کا شہر ہے اور اپنے استقبال سے کافی خوشی ہوئی، سفر سے کافی تھکاوٹ تھی لیکن پشاور والوں کی محنت دیکھ کر دلی خوشی ہوئی۔ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے حوالے سے سیمی نے کہا کہ ایڈیشن جیتنے کے لیے وہ پرامید ہیں اور تمام توجہ فائنل پر ہے ۔بعدازاں ڈیرن سیمی نے آرمی پبلک سکول کا دورہ کیا اور 4 سال قبل دہشتگردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے طالب علموں اور اساتذہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوں نے حملے میں متاثر ہونے والے طا لبعلموں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔انہوں نے اپنے اعزاز میں ہونے والی تقریب سے خطاب بھی کیا ۔