پشاور(خبرنگار) ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کرک میں کلاس فور ملازم مریضوں کا آپریشن کرنے لگے ہیں ۔ہسپتال میں خاتون میڈیکل آفیسر کی عدم موجودگی پر مبینہ طور پر کلاس فور ملازم رئوف نے خاتون مریضہ کا آپریشن کیا جسکی ویڈیو وائرل ہونے پر سیکرٹری صحت ڈاکٹر فاروق جمیل نے نوٹس لیتے ہوئے 2 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے جبکہ کمیٹی کو سات روز کے اندر رپورٹ پیش کرنیکی ہدایت کی ہے ۔ اس حوالے سے محکمہ صحت کی جانب سے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق متعلقہ ہسپتال میں مبینہ طور پر کلاس فور ملازم رئوف کی جانب سے گائنی اوٹی میں خاتون مریضہ کے آپریشن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اور خاتون میڈیکل آفیسر ڈاکٹر صوفیہ سجاد کی ڈیوٹی سے غیرحاضری کا نوٹس لیاگیا ہے ، سیکرٹری ہیلتھ نے گریڈ بیس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈی جی ہیلتھ پشاور ڈاکٹر طاہر بشیرالدین اورڈپٹی ڈائریکٹر ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر شہریار کو انکوائری کمیٹی میں شامل کیاہے ۔ انکوائری کمیٹی کو تمام تحقیقات مکمل کرکے حقائق پرمبنی رپورٹ محکمہ صحت کو سات روز کے اندر بھیجنے کی ہدایت کی گئی ہے ،سیکرٹری ہیلتھ نے واضح کیا ہے کہ ہسپتالوں میں عملے کی جانب سے غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔