کراچی،حیدرآباد(مانیٹرنگ ڈیسک ،بیورو رپورٹ)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں نے سندھ حکومت کی کارکردگی کی قلعی کھول دی ہے ۔ سندھ حکومت کہیں دکھائی نہیں دیتی،سندھ حکومت ناکامی کے ریکارڈ توڑ چکی ہے ،روشنیوں کا شہر کراچی کھنڈر بنا ہوا ہے ، وفاق سے کہتا ہوں کہ کراچی بھی پاکستان کا حصہ ہے ۔کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے دو سالوں میں کچھ نہیں کیا،آئندہ تین مہینوں میں ملک بھر میں بلدیاتی الیکشن ہونے چاہئیں۔میں یقین دلاتا ہوں سندھ کا مقدمہ اور کراچی کا کیس سینیٹ میں بھی لڑیں گے اور شہر کے ہر کونے اور چوراہوں پر لڑیں گے ۔ادھر حیدرآباد میں شہر کے دورے اور بارش کی تباہ کاریوں کے مشاہدے کے بعد امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے مرکز تبلیغ اسلامی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت کے باوجود وزیراعظم کو یہاں کا دورہ کرنا چاہیے ،عوام حکمرانوں کے چہروں کو نہیں اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔سندھ میں پچاس فیصد سے زائد فصلیں تباہ ہوگئیں۔ صوبائی حکومت نے فوٹو سیشن کے سوا کچھ نہیں کیا۔