مظفرآباد( صباح نیوز،این این آئی)چیئرمین کشمیرکمیٹی شہریارآفریدی اور کمیٹی کے ارکان نے عید کے روز مظفرآباد کا دورہ کیا اوروہاں آزادی کشمیر ریلی کی قیادت کی۔ریلی میں صدر آزادکشمیر سردارمسعودخان اور وزیراعظم راجہ فاروق حیدرنے بھی شرکت کی۔ بعدازاں مرکزی عید گاہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا شہریارآفریدی نے کہاکہ کشمیر کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں ،کشمیر کی آزادی تک کشمیر کا مقدمہ ہر فورم اور ہر میدان میں لڑیں گے ،دشمن جان لے کشمیر کاز کیلئے پاکستان کے عوام، سیاسی جماعتیں اور مسلح افواج سمیت تمام سٹیک ہولڈرز متحد، یکسو اور یک جان ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر عید کے موقع پر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرنے یہاں پہنچا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فاشسٹ مودی حکومت جان لے کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ شہریار نے مظفرآباد میں وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ فاروق حیدرخان سے ملاقات کی۔ بعدازاں دونوں رہنماؤں اور کشمیر کمیٹی کے ارکان نے مہاجرکیمپ مانک پیاں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر فاروق حیدرخان نے کہاکہ حالات جو بھی ہوں کشمیری اپنا مشن جاری رکھیں گے اور قربانیاں دینے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ بھارت اپنے راستے میں صرف پاکستان کو رکاوٹ سمجھتا ہے اس لئے وہ پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشوں میں لگا ہے ۔مقبوضہ کشمیر کی مائیں انتظار میں ہیں کہ ان کے سر پر ہاتھ کون رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس بھارت کا چہرہ اور مودی اس کی سوچ ہے ۔ کشمیر یوں کی پاکستان سے توقعات ہیں ، پاکستان ہمارا پشتی بان بنے ۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفرید ی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں کہا کہ بھارت نے کشمیر پر 5 اگست کا فیصلہ طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت کیا ۔کشمیر کے معاملے پر جارحانہ سفارتی پالیسی کی ضرورت ہے ۔