کراچی،لاہور،اسلام آباد،مری(سٹاف رپورٹر، صباح نیوز،این این آئی،اپنے رپورٹر سے ،لیڈی رپورٹر،نمائندہ92 نیوز ) مون سون کی دوسری بارش نے سندھ حکومت کے دعووں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے ۔ چند منٹ ہونے والی بارش نے کراچی میں شہری زندگی کو مفلوج کرکے رکھ دیا ، حسب سابق ریسکیو عملہ سڑکوں سے غائب ہوگیا جبکہ برساتی نالے صاف نہ ہونے کے باعث بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا اور سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہوگئیں ۔ شہر کی مختلف سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا۔ابراہیم حیدری کے علاقے کورنگی بہار مدینہ واٹر پمپ کے قریب کرنٹ لگنے سے 30سالہ ارشد علی جاں بحق ہوگیا۔ متوفی سندھ پولیس کی ریپڈ ریسپانس فورس میں تعینات تھا۔دوسرے واقعہ میں کلفٹن نیلم کالونی میں کرنٹ لگنے سے 35سالہ عابد حسین جاں بحق ہوگیا۔ دوسری طرف بارش کے باعث پریس کلب کے قریب کئی درخت گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر گرگئے ، کئی علاقوں میں بارش شروع ہوتے ہی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے ۔بارش کے علاوہ لوڈشیڈنگ نے کراچی کے مکینوں کا جینا دوبھر کردیا ہے ۔نارتھ کراچی، نیو کراچی، لیاقت آباد، لیاری، شیر شاہ، بلدیہ، مواچھ گوٹھ، کیماڑی، ایم ٹی خان روڈ سلطان آباد، کورنگی، گلشن معمار، گڈاپ، احسن آباد، گلشن حدید، سرجانی اور موسی کالونی میں لوڈشیڈنگ جاری ہے ، لوڈشیڈنگ والے علاقوں میں بجلی بندش کا دورانیہ 12 گھنٹے سے بھی تجاوز کرگیا، جس سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے کئی علاقوں میں پانی کی قلت بھی پیدا ہوگئی ہے ۔ لاہور میں گزشتہ روز کہیں ہلکی بارش اور کہیں بوندا باندی کے علاوہ وسطی و بالائی پنجاب ، سندھ ، زیریں بلوچستان ، بالائی خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کے روز ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہیگا۔ تاہم بالائی خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب،زیریں سندھ،کشمیراورگلگت بلتستان میں چند مقامات پرتیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔دریں اثنا ملکہ کوہسار مری اور گلیات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے ساتھ ہی مری میں موسم برسات کا آغاز ہو گیا ہے ۔