سیہون شریف،کراچی(نامہ نگار،سٹاف رپورٹر) وزیراعلی سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہا ہے آئین میں کہیں گنجائش نہیں کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کیا جائے ، اگر کوئی ایسا ایکشن لیا بھی گیا تو سندھ کے عوام اس فیصلے کے خلاف جائیں گے ۔گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے ہماری کوشش ہے کراچی کی موجودہ شکل تبدیل ہو، کراچی میں صفائی اور ترقی دیکھنا چاہتے ہیں،کوئی کریڈٹ نہیں لینا چاہتے ، کراچی کو دھکا لگانا ہو گاچاہے وہ کسی کوبھی ناگوار گزرے ۔وزیراعلی سندھ صوبائی وزیر آبپاشی سہیل انور سیال کے ہمراہ سیہون کے شہر جوہی گئے اور سیلابی پانی سے متاثرہ جوہی، واھی پاندھی روڈ اور ایف پی بند کا معائنہ کیا۔ میڈیا سے گفتگومیں انہوں نے کہا اگر کسی کے دماغ میں کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی ہوا بھری ہے تو وہ دماغ سے نکال دے ۔ ایف پی بند میں 8 مقامات پر شگاف پڑے ۔ قمبر شہداد کوٹ سے منچھر جھیل تک بارشوں سے کافی نقصان ہوا۔ خصوصی گفتگو میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کراچی سے متعلق وزیراعظم بھی صورتحال دیکھ رہے ہیں، شہر سے متعلق کسی پارٹی کے فائدے کونہیں دیکھ رہے ،کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے سب کے ساتھ چلنے کوتیارہیں، وزیراعظم نے پہلا آپشن دیا کہ کراچی کیلئے مل کربیٹھیں،وفاق بھی کراچی کیلئے حصہ ڈالنے کوتیارہے ،کے الیکٹرک کوکئی باروارننگ دی ، آخری حل یہی ہے کہ کے الیکٹرک کوتحویل میں لے لیں، کے الیکٹرک کے مسائل حل نہیں ہوتے تو مزید فیصلے ہوں گے ، نیپراکی جانب سے کے الیکٹرک کوشوکاز دیا جاچکا ہے ، اووربلنگ برداشت نہیں کریں گے ،شہریوں کورقم واپس دلائیں گے ۔