لاہور(گوہر علی)پنجاب کے کئی اضلاع میں سیلاب کی اطلاع کے باوجود متعلقہ اراکین اپنے علاقہ کے بجائے لاہور میں موجود ہیں جبکہ اراکین اسمبلی وزیر بلدیات کی عدم موجودگی کا شدت سے احساس کررہے ہیں، یہ اراکین کئی روز سے سیلاب سے ممکنہ خطرے کے پیش نظر انتظامیہ کی مدد اور رہنمائی کرنے کے بجائے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں بیٹھ کر کمشنر ،ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت دیگر متعلقہ افسروں کو اپنے علاقہ محفوظ بنانے کے لئے ہدایت دے رہے ہیں،پنجاب اسمبلی کے یہ اراکین پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں متعلقہ افسروں کے ٹیلی فون نمبرز ڈھونڈتے نظر آتے ہیں اور کئی بار تو جب یہ کسی اسسٹنٹ کمشنر یا کسی دیگر افسرکو پانی آمد کی تازہ اطلاع بارے دریافت کرتے تو انہیں معلوم ہوتا ہے کہ جس افسر سے انہوں نے رابطہ کیا ہے وہ متعلقہ نہیں ہے ، پھر یہ اراکین اسمبلی اپنے حلقہ میں رابطہ کرکے اپنے ملازمین اور دیگر عملہ سے دریافت کرتے ہیں کہ ہم نے رابطہ کس آفیسر سے کرنا ہے ،ذرائع کے مطابق چند روز قبل بھی جنوبی پنجاب میں سیلاب کی ممکنہ اطلاع کے بعد ایک رکن اسمبلی نے پنجاب اسمبلی کے عملہ کو اپنے حلقہ کے متعلقہ افسرکو تلاش کرنے کی ہدایت کردی اور پھر جب عملہ نے اس آفیسر سے ان رکن اسمبلی کا رابطہ کرایا تو انہوں نے کہاکہ میں اپنے حلقہ میں نہیں آسکتا آپ سیلاب سے متعلقہ معاملہ کو خود دیکھ لیں ،ذرائع نے مزید بتا یا ہے کہ وزیر بلدیات کی عدم موجودگی کی وجہ سے تمام بوجھ ضلعی انتظامیہ پر آن پڑا ہے ،جس وجہ سے حکومتی اراکین اسمبلی بالخصوص وزیر بلدیات کی کمی کو شدت سے محسوس کررہے ہیں۔