پشاور(خبر نویس )قومی احتساب بیورو خیبر پختونخوا نے مولانا فضل الرحمٰن کے 5مزید قریبی ساتھیوں کو طلب کرلیا ہے ،مولانا فضل الرحمان کے ساتھیوں کو 16دسمبر صبح دس سے دوپہر 12 بجے تک نیب خیبر پختونخواکے دفتر میں طلب کیا گیا ، انہیں مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف کرپشن اور آمدن سے زیادہ اثاثے بنانے کے کیس میں معلومات فراہم کرنے کے لئے دوسری بار نوٹس جاری کیا گیا ، مذکورہ افراد کو اس سے قبل 3نومبر کو نوٹس جاری کیا گیا تھا ، تاہم عدم حاضر ی پر انہیں ایک بار پھر نوٹس جاری کرتے ہوئے متنبہ کیا گیا ، نوٹس میں کہا گیا چونکہ مذکورہ کیس سے متعلق انکے پاس معلومات ہوسکتی ہیں ، اس لئے انہیں نیب کے سامنے مولانا فضل الرحمٰن کے کیس میں اپنا بیان ریکارڈ کرانا ہوگا،جن افراد کو نوٹس بھیجا گیا ہے ان میں لکی مروت کے دین محمد ،اسلام آباد کے ابراراحمد ،ڈی آئی خان کے ابرار علی شاہ ،محمد جلال خان اور عبدالرئوف شامل ہیں ،نوٹس ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان ،ڈی پی او لکی مروت اور سی سی پی او اسلام آباد کے ذریعے بھیجے گئے ہیں ۔