فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) چین میں کورونا وائرس کے باعث ٹیکسٹائل کے برآمدی آرڈرز پاکستان سمیت دیگر ممالک کو منتقل ہونا شروع ہوگئے ۔ پاکستان کا ٹیکسٹائل سیکٹر اس وقت اپنی پوری پیداواری صلاحیت کے ساتھ چل رہا اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران پاکستان 24 سے 25 ارب ڈالرز کا برآمدی ہدف حاصل کرے گا۔ تاہم پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹر ایسوسی ایشن کی طرف سے ایک مرتبہ پھر مطالبہ دہرایا گیا ہے کہ حکومت بجلی گیس کے بڑھتے ہوئے نرخ پر قابو پائے تاکہ چین سے واپس ہونے والے آرڈرز میں سے مسابقت کی بناء پر زیادہ سے زیادہ شیئر حاصل کیا جاسکے ۔ ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث چین کی ٹیکسٹائل انڈسٹری متاثر ہوئی ہے اور درآمد کنندگان چین کو مزید آرڈرز دینے سے کترارہے ہیں۔ ایسی صوت حال میں خریدار خطے کے دیگر ممالک کا رخ کررہے ہیں۔ اس صورت حال میں اگر پاکستان میں بجلی اور گیس کے نرخ کم کئے جائیں اور ایکسپورٹرز کو فوری طور پر ریفنڈز دیئے جائیں تو ان کے لئے مسابقت کی اس دوڑ میں زیادہ سے زیادہ آرڈرز حاصل کرنے کا موقع ہے جسے حاصل کرنے کے لئے حکومت کو ایکسپورٹرز سے بھرپور تعاون کرنے کی ضرورت ہے ۔