ملتان(سپیشل رپورٹر ) ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے رکن اور گیلانی خاندان کے سربراہ مخدوم غلام یزدانی گیلانی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی،اس موقع پر موجودہ ملکی، سیاسی، اقتصادی صورتحال پر گفتگو کی۔اس موقع پر چودھری شجاعت نے کہا کہ ان کی جماعت مخالفت برائے مخالفت پر یقین نہیں رکھتی، ان کی کسی بھی سیاسی رہنما سے کوئی عداوت ہے نہ مخالفت۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ملتان اور جنوبی پنجاب کے دیگر علاقوں کا دورہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ق لیگ کو مضبوط اور مزید فعال بنانے کیلئے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اپوزیشن جماعتوں کی قیادت سے لوٹا ہوا مال قومی خزانے میں واپس لانا ملک کے وسیع تر مفاد میں ہے اور ملکی مفاد پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔