ڈڈیال،مظفر آباد،اسلام آباد (آن لائن ، مانیٹرنگ ڈیسک)آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے جہد مسلسل ہم پر فرض ہے اور آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ دنیا کے سامنے اپنی شہیدوں کی لاشیں گنوانے ، عورتوں کی آبروریزی اور نوجوانوں کے اغوا کے قصے سننانے کے بجائے اب ایک ایسی جدوجہد شروع کرنا ہو گی تاکہ تاریخ کا پا نسہ پلٹ دیا جائے ۔ ظلم سہنے کے بجائے ظالموں کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈڈیال میں جماعت اسلامی کے زیر انتظام کشمیر کانفرنس خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کی صدارت برطانیہ سے آئے ہوئے تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کی ۔صدر آزاد کشمیر نے عبدالرشید ترابی کی کشمیر کیلئے کوششوں کو بھی سراہا۔ صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ5 اگست کے بھارتی اقدامات کے بعد برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک میں کشمیریوں کے حق میں زبردست مظاہرے اور ریلیاں منعقد کی ہیں جن میں پاکستانی تارکین وطن نے اہم رول ادا کیا اور وہاں کے ایم پیز اور قونسلرز کے ساتھ مل کر راجہ فہیم کیانی اور ان کے دیگر ساتھیوں نے جس طرح متحرک کردار ادا کیا ہے جس پر وہ تحسین کے لائق ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے نوجوانوں سے کہا ہے وہ جدید ذرائع ابلاغ کا استعمال کرتے ہوئے کشمیر کاز کو پوری دنیا میں اُجاگر کریں ۔ اُنہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی ، آسیہ اندرابی، یاسین ملک اور دیگر متعدد حریت رہنما قید زنداں میں ہیں اور اس تحریک کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں۔ انشاء اﷲ قائدین حریت کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ کانفرنس میں قرادیں بھی پیش کی گئی جنہیں متفقہ طور پر منظور کیا گیا ۔بعد ازاں ایک بیان میںسردار مسعود خان نے لائن آف کنٹرول پر وادی نیلم کے مختلف سیکٹروں میں بھارتی فوج کی طرف سے شہری آبادیوں پر بلا جواز اور بلا اشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بھارت کی بزدلانہ کارروائی قرار دیا اور کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی کارروائی مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال سے توجہ ہٹانے کی ایک کوشش ہے ۔