سرینگر(این این آئی) بھارتی سیاستدان اور سابق وزیر پی چدمبرم نے کہا ہے جموں وکشمیر ایک بڑی جیل ہے اور مودی حکومت 5 اگست 2019 کے اقدامات کے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہی ، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پی چدمبرم نے آج شائع ہونے والے ایک مضمون میں جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے لئے بھارتی آئین کی دفعہ 370 کو منسوخ کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا پروجیکٹ جموں و کشمیر کا مقصد ریاست کو توڑنا ،اس کی حیثیت کو گھٹاکریونین ٹیری ٹوری بنانا ، ان علاقوں کو براہ راست نئی دہلی کی حکمرانی میں لانا ، سیاسی سرگرمیوں کو دبانا ، وادی کشمیر کے ساڑھے سات لاکھ لوگوں کوہراساں کرنا اور آزادی کی جدوجہد کو کچلنا تھا، انہوں نے کہا کہ اگرچہ تمام وسائل کو استعمال کیا گیا لیکن کوئی بھی نتیجہ حاصل نہیں کیا جاسکا اور میرے خیال میں موجودہ پالیسی کے تحت کبھی حاصل بھی نہیں کیا جاسکتا ، کشمیر میں تمام اہم بنیادی حقوق مکمل طورپر معطل ہیں۔بھارتی سیاست دان نے کہا مبین شاہ ، میان عبد القیوم ، گوہر گیلانی ، مسرت زہرہ اور صفورا زرگر کے مقدمات قانون کے ناجائز استعمال اور انصاف کے حصول میں مشکلات کو ظاہر کرتے ہیں۔ 5اگست کو ایک سال ہوگا، پھر بھی ہمارے آئینی اداروں پارلیمنٹ ، عدالتوں اور سیاسی نظام کو 5 اگست 2019 کو پیدا ہونے والے مسئلہ کشمیر کے بارے میں کوئی جواب نہیں ملا۔