مکرمی !پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی نے ایک بہترین حکمت عملی کیساتھ مقبوضہ کشمیر کو دنیا کیلئے ایک فلیش پوائنٹ میں تبدیل کردیا ہے ،درحقیقت بھارت کشمیر میں چاروں شانے چت ہو نے کے بعد اب شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا ہے ،یہی وجہ ہے کہ اب ادھر سے ایسے فیصلے کئے جا رہے ہیں جس سے دنیا بھر کی توجہ تیزی کیساتھ کشمیر کی جانب مبذول ہو رہی ہے جس سے مسئلہ کشمیر بہترین انداز میں اجاگر ہو رہا ہے،عالمی طاقتوں کیلئے افغان امن عمل کی بڑھتی ہوئی ضرورت خطے کے بہت سے عوامل پر اثر انداز ہوتی جا رہی ہے بالخصوص اس امن عمل نے خطے میں پاکستان کی اہمیت کو بڑھا دیا ہے اور امریکہ سمیت دیگر ممالک نے پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کیا جبکہ بھارت کی اہمیت کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور افغانستان میں بھارت کے بڑھتے ہوئے اثرو رسوخ کو جھٹکا لگا جس سے مستقبل کے افغانستان میں بھارت کا کردار انتہائی محدود دکھائی دے رہا ہے ۔ اب کشمیر کیلئے فیصلہ کن جدوجہد کا وقت ہے اور اگر اب بھی کشمیری اپنے حقوق کا دفاع نہ کر سکے تو پھر وہ وقت دور نہیں جب مسلم اکثریت کا یہ علاقہ ہندو اکثریت رکھنے والے علاقے میں تبدیل ہو جائے گا اور کشمیری مسلمانوں کو بھارت میں رہنے والے دیگر مسلمانوں کی طرح تیسرے درجے کے شہری کے طور کمتری میں مبتلا کردیا جائے گا ۔۔! (محمد شفیق،اسلام آباد)