لاہور،اسلام آباد،کراچی ، ملتان (نمائندگان) ملک بھر میں کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے اور بھارت کیخلاف احتجاج کیلئے ریلیاں نکالی اور مظاہرے کئے گئے ۔گزشتہ روزملک بھر میں ہونیوالے مظاہروں اور ریلیوں میں عوام نے بھر پور شرکت کی۔مظاہرین کی جانب سے کشمیر بنے گا پاکستان،بھارت مردہ باد،کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی ، پاک فوج قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں کے نعرے لگائے جاتے رہے جبکہ مقررین نے کہا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر کی خصوصی ریاستی حیثیت ختم کرنیکا اقدام مسترد کرتے ہیں۔مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی کی تحریک ہرصورت کامیاب ہو گی۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم ، بربریت کا متنازعہ سٹیٹس تبدیل کرنے کیخلاف پی ایف یو جے ،پی یو جے اور لاہور پریس کلب کے زیر اہتمام اظہار یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی۔پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری جنرل رانامحمد عظیم، لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سینئرنائب صدر ذوالفقار علی مہتو، جوائنٹ سیکرٹری حافظ فیض احمد، خزانچی سالک نواز، ممبر گورننگ باڈی عمران شیخ،شاہدچوہدری، راناطاہر، قاسم رضا، ، سابق صدر پریس کلب اعظم چوہدری،سینئرصحافی رہنما شہزادحسین بٹ، نعیم حنیف، فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری پرویز الطاف، صحافی رہنما فیصل درانی، عامر سہیل،ارشد یاسین ، سندس فاؤنڈیشن کے یاسین خان،طالبعلم رہنما لئیق بوبی گجر، تاجر رہنمااور دیگر قائدین نے ریلی سے خطاب کیا۔دریں اثنا لاہور ہائیکورٹ بار کی ماحولیاتی کمیٹی کے زیر اہتمام مظلوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے وکلانے احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس موقع پرکمیٹی کے چیئرمین اشفاق احمد کھرل اور دیگر وکلا رہنمائوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے بھارتی اقدامات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔علاوہ ازیں تحریک صراطِ مستقیم کے زیرِ اہتمام پنجاب اسمبلی سے لاہور پریس کلب تک مارچ کیا گیا جس کی قیادت ڈاکٹر اشرف آصف جلالی ، امین اللہ نبیل،سعدی شرازی، احمد رضا فاروقی اور دیگر علمائو مشائخ نے کی۔ مارچ کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے اشرف آصف جلالی نے کہاکہ حکومت کسی قرارداد کے بجائے جہاد کا اعلان کرے ، آج آزاد کشمیر اور پورے ملک میں یوم تحفظ کشمیر منایا جا ئیگا اور اسی موضوع پر خطبات جمعہ دیئے جائینگے ۔بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے خصوصی سٹیٹس کے خاتمے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار اسلام آباد نے ہڑتال کی، اس موقع پر وکلابرادری نے بھارتی اقدام کی سخت مذمت کی اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنیکا مطالبہ کیا۔ علاوہ ازیں سندھ بارکونسل کی کال پرکراچی کے وکلانے سندھ ہائیکورٹ سمیت دیگرتمام ماتحت عدالتوں کامکمل بائیکاٹ کیا۔سندھ ہائیکورٹ باراورکراچی بار کے مشترکہ اجلاس میں بھارتی اقدام کی مذمت کی گئی جبکہ وکلانے کشمیریوں کو مکمل خود مختاری دینے کی قرارداد منظور کی۔ ادھر ملتان میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مقامی کالج کی طالبات نے شان چوک پر ڈائریکٹر ریاض،پرنسپل شمائلہ کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔انجمن تجارت ملازمت وزراعت پیشہ خواتین کے زیراہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارت کیخلاف مظاہرہ کیا گیا۔ بورے والا میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام ضلعی ناظم فیصل عمران،تحصیل ناظم سردار فاروق ڈوگر،جنرل سیکرٹری ملتان ڈویژن عبدالرحمٰن بخاری، رمضان سلیمی،عطا الرحمٰن کی زیر قیادت ریلی نکالی گئی ۔وہاڑی میں سپریم کونسل پنجاب ٹیچرز یونین کے زیر اہتمام اساتذہ نے ریلی نکالی ۔ رحیم یار خان کی ہندو برادری نے اظہار یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پریس کلب سے دعا چوک تک ریلی نکالی ،ریلی سے سابق ایم پی اے کانجی رام، صدارتی ایوارڈ یافتہ برائے انسانی حقوق بھیارام انجم، ٹکٹ ہولڈر ایم این اے پی پی پیٹر جان بھیل، ضلعی صدر ن لیگ بابو لیلا رام،سماجی کارکن رمیش جئے پال، مذہبی رہنما گرو سکھ دیو جی،سابق کونسلر دادورام، چھوڑرام، جمعہ جی شاد، انیل کمار، نند لعل، سنتوش کمار، کرشن رام، راجیش بھاٹیہ سمیر کپور و پنڈت اشوک کمارنے کشمیرمیں مظالم کی مذمت کی ۔صادق آباد کی ہندو برداری نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔ بھارتی سرکار کو کشمیریوں سے ظلم کا خمیازہ اسے بھگتنا پڑیگا ۔وہوا میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ہارون آباد میں انجمن آڑھتیان، انجمن منشیان اور انجمن پلیدار ن غلہ منڈی ہارون آباد کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی جس کی قیادت غلام زکریا ، چودھری شہباز علی اور ملک جمیل کررہے تھے ۔نوکنڈی میں خان سنجرانی پینل کی جانب سے بھارت کیخلاف اور مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کی حمایت میں کار ریلی نکالی گئی۔