اسلام آباد ،لاہور،کراچی ،پشاور،مظفرآباد( رپورٹنگ ٹیم ،92 نیوزرپورٹ )بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے دو سال مکمل ہونے پر کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے ملک بھر یوم استحصالِ کشمیرمنایاگیا، ریلیاں نکالی گئیں اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے ، پورا ملک کشمیر بنے گا پاکستان،انڈیا جاجا کشمیر سے نکل جا کے بھارت مخالف نعروں سے گونج اٹھا ، مودی کے پتلے نذر آتش کئے گئے ،صدر عارف علوی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی تک بھارت سے مذاکرت نہیں کرینگے ،وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کشمیریوں کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرتا رہوں گا ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجو ہ نے کہا کہ تنازع کشمیرحل کیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں،مقبوضہ کشمیرمیں بدترین ریاستی جبرکے باعث خطے کوشدید خطرات لاحق ہیں،بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی قیادت میں وزارت خارجہ سے پارلیمنٹ ہاؤس تک یوم استحصال کشمیر ریلی نکالی گئی۔ریلی میں فواد چودھری ، سینیٹر شبلی فراز اور ممبران پارلیمنٹ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ریلی کی قیادت صدر عارف علوی نے کی جہاں ریلی میں شیخ رشید ، فروغ نسیم سمیت دیگر وفاقی وزرا اور ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ ڈی چوک پر سائرن بجا کر مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ کشمیر کی آزادی تک پاکستان میں کوئی چین سے نہیں بیٹھے گا، بھارت کی تمام تر سازشوں کے باوجود پاکستان مضبوط ہو رہا ہے ، ہزاروں کشمیری جام شہادت نوش کر چکے ہیں ، کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تناظر میں حق خود ارادیت ملنا چاہیے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اور کشمیری عوام نے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو مسترد کیا ہے ، کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے ۔ فواد چودھری نے کہا کہ بھارت کی فاشسٹ حکومت کشمیریوں کے حقوق پامال کر رہی ہے ، پاکستان کبھی کشمیر کاز سے پیچھے نہیں ہٹے گا ، مظفرآباد مہاجر کیمپ ٹھوٹھہ میں مہاجرین سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ دونوں ممالک کی خوشحالی کی خاطر پاکستان کی جانب اپنا مخاصمانہ اور ہٹ دھرمی پر مبنی رویہ ترک کر دے ۔وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ اور بیان میں کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد کامیاب ہوگی ، بھارت اپنی ریاستی دہشت گردی سے پورے خطے کا امن و استحکام تباہ کررہا ہے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بدترین ریاستی جبر کیا جا رہا ہے اورغیر انسانی فوجی محاصرہ بدستورجاری ہے ، انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں، جغرافیائی اورآبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش جاری ہیں، تنازع کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے ، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے باعث خطے کی سکیورٹی کوشدید خطرات لاحق ہیں۔ مظفر آباد میں بھی یوم استحصال ریلی نکالی گئی ، جس میں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان ، وزیراعظم عبد القیوم نیازی نے شرکت کی ، ا قوام متحدہ کے مبصر دفتر تک بھا رت کے خلاف ریلی نکالی گئی اور اقوام متحدہ کے مبصرین کو یادداشت پیش کی گئی جس میں کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا مطا لبہ کیا گیا ۔ صدر سردار مسعود خان اور وزیراعظم عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ مودی کے نازی ازم کو آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام مل کر شکست دیں گے ۔ لاہور میں گور نر چودھری سرور کی قیادت میں گور نر ہائوس میں ریلی نکالی گئی۔صوبائی وزرا سمیت بڑی تعداد میں تحر یک انصاف کے ورکرز نے شر کت۔ ریلی سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیر یوں کے سفیر بن کر دنیا بھر میں انکامقدمہ لڑ رہے ہیں ، خطے میں امن کی کنجی مسئلہ کشمیر کے حل میں ہی ہے ۔ ڈاکٹر اختر ملک ،حسنین جہانیاں گر دیزی اور تیمورخان بھٹی نے بھی خطاب کیا ۔ ٹاؤن ہال میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہاکہ وزیراعظم نے کہاتھاکہ میں کشمیرکا سفیر ہوں انہوں نے اس کا حق ادا کیا ۔ سینیٹر اعجاز چودھری اور ناصر سلمان نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی تکمیل کا نامکمل ایجنڈا ہے سابق کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل (ر)محمد یوسف نے کہاکہ 5 اگست بھارت کی منفی سوچ کاحصہ ہے ۔ سعدیہ سہیل،پروفیسر محمود غزنوی نے بھی خطاب کیا ۔کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ کی زیر قیادت ریلی نکالی گئی ، ریلی میں صوبائی وزرا، کور کمانڈر کراچی اور دیگر اداروں کے سربراہان نے شرکت کی، پاکستان کوسٹ گارڈز میرین ونگ کیماڑی کے زیر اہتمام منوڑہ سے لیکر کیماڑی تک کشتی ریلی کا انعقاد کیاگیا ۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہاہے کہ عالمی برادری کو کشمیر کے عوام کے بارے میں اپنی ذمہ داری کو فراموش نہیں کرنا چاہیے ۔ نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کہاکہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے ۔ یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے دنیا سے اپیل ہے ہندوستان کے خلاف آواز بلند کرے ، معاشی پاپندیاں لگائے ۔ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے ڈی سی آفس لاہور سے ریلی نکالی گئی ۔ ایوان کارکنان تحریک پاکستان، شاہراہ قائداعظمؒ اور ایوان قائداعظمؒ جوہر ٹائون کے باہر الگ الگ احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔ سیکرٹری نظریہ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے خطاب کیا ۔ ویٹر نری یونیورسٹی ، پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل سیکرٹریٹ ، ذیلی اداروں ، پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ہیڈ آفس لاہور ، لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی جانب سے بھی یوم استحصال منایا گیا ۔ وزارت خارجہ کی جانب سے احتجاجی مراسلہ بھارتی ناظم الامورکے سپردکیاگیا، ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں یکطرفہ بھارتی غیرقانونی اقدامات کومستردکرتے ہیں ۔زاہد حفیظ چودھری نے بھارتی وزیر خارجہ کے ٹویٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ جموں وکشمیر کبھی بھارت کا حصہ تھا اور نہ کبھی ہو گا ۔ سرینگر،جدہ ،جنیوا،نیویارک ( ایجنسیاں،خصوصی رپورٹ ،بیورو رپورٹ ) مقبوضہ کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے یوم سیاہ منایا وادی بھر میں مکمل ہڑتال کی گئی ،نوجوانوں نے بھارت کیخلاف مظاہرے کئے اور شدید نعرے بازی کی، کئی مقامات پر مظاہرین برطانوی امیگریشن ڈیپارٹمنٹ نے طبی وجوہات پرویزا توسیع درخواست مسترد کی،پاکستان کی جانب سے منسوخ شدہ پاسپورٹ وجہ بنی: ذرائع،نواز شریف کے وکلا کی فیصلے کیخلاف اپیل دائر برطانوی امیگریشن ڈیپارٹمنٹ نے طبی وجوہات پرویزا توسیع درخواست مسترد کی،پاکستان کی جانب سے منسوخ شدہ پاسپورٹ وجہ بنی: ذرائع،نواز شریف کے وکلا کی فیصلے کیخلاف اپیل دائر اور بھارتی فوج کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں ۔ مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی گئی جسکی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دے رکھی تھی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے دس روزہ مزاحمتی کیلنڈر جاری کیا ہے ، مقبوضہ علاقے میں کالے جھنڈے لہرائے گئے ، قابض انتظامیہ نے لال چوک کی طرف مارچ کوروکنے کیلئے سرینگر اور دیگر علاقوں میں پابندیاں مزید سخت کیں اور فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ، اہم سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں ، اہلکار دکان داروں کو زبر دستی دکانیں کھولنے پر مجبور کر تے رہے اور کئی دکانوں کے تالے بھی توڑے ۔ قائد تحریک آزادی کشمیر سید علی گیلانی نے ایک ویڈیو بیان کے ذریعے مقبوضہ کشمیر پولیس کے دعوے کو مسترد کر دیا جس میں پولیس نے کہا تھا کہ سید علی سے منسوب ٹویٹ اور بیانات جعلی ہیں ۔ انہوں نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی حکومت مایوسی کا شکار ہے ۔ سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے ایک بیان میں کہا کہ چھینے گئے حقوق کو واپس حاصل کرنے کیلئے جدوجہد جاری ر کھیں گے ۔ جموں وکشمیر میں ہائی کورٹ بار نے 5اگست کے اقدام کو غیر آئینی ، غیر جمہوری اور سیاسی اقدار کے بنیادی اصولوں کی سراسر خلاف ورزی قرار دیا ہے ۔یوم سیاہ کے سلسلے میں لندن ، پیرس، برسلز، واشنگٹن اور کئی یورپی ممالک میں بھارتی سفارتخانوں کے سامنے کشمیریوں نے احتجاج کیا ۔ قونصل جنرل پاکستان جدہ میں پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی،کشمیری کمیونٹی کے ممبران کے علاوہ پاکستانی اور عرب میڈیا کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ شرکاء سے عبداللہ الغامدی، بریگیڈ یئر جنرل (ر) کا ملی ، مسعود پوری، چودھری خورشید مٹیال ، ڈاکٹر راسخ اور قونصل جنرل خالد مجید نے خطاب کیا۔ صدر ، وزیراعظم ، وزیر خارجہ پاکستان کے الگ الگ پیغامات پڑھ کر سنائے گئے ۔ جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے جرمنی کی سماجی و سیاسی شخصیت عنصر محمود بٹ کی قیادت میں مظاہرہ کیا گیا۔ پاکستانی سفارتخانہ واشنگٹن اور پاکستانی مشن نیویارک سمیت امریکہ میں دیگر پاکستانی قونصلیٹ اور پاکستانی و کشمیری تنظیموں کی جانب سے تقریبات اور ویبنار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ دنیا دیکھے گی کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کا لہو رائیگاں نہیں جائیگا۔