نئی دہلی (این این آئی) بھارتی انگریزی ٹیلی ویژن چینل ’’سی این این ۔ نیوز 18‘‘نے اپنی حکومت کے اس دعوے کہ پانچ اگست کو خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے کشمیر بالکل پر امن ہے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران وہاں پتھرائو کے 306واقعات پیش آئے ہیں ۔ ٹیلی ویژن نے اپنی ایک رپوٹ میں بھارتی فورسز کی دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 5اگست کے بعد سے پتھرائو کے واقعات میں بھارتی پیراملٹری کے 89اہلکاروں سمیت سو کے لگ بھگ اہلکار زخمی ہوئے ۔ رپورٹ میں بھارتی حکومت کے اس دعوے کو بھی غلط قرا ر دیا گیا کہ پانچ اگست کے بعد کشمیر میں کوئی گولی نہیں چلی اور نہ ہی کسی کی جان گئی ، رپورٹ میں کہا گیا کہ4ستمبر کو پیلٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے گیارھویں جماعت کے طالب علم اسرار احمد خان کا واقعہ حکومت کے ان دعوئوں کی قلعی کھولنے کیلئے کافی ہے ۔