کراچی،اسلام آباد (خصوصی رپورٹ ،وقائع نگار) کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر کیخلاف مؤثر سفارتی ، میڈیا مہم چلا ئی جائے ۔ان خیالات کا اظہار مقررین نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز کے زیر اہتمام بحریہ یونیورسٹی کراچی میںمسئلہ کشمیر بھارتی آئین کی دفعات35اے اور 370، پاکستان کے پاس موجود آپشنز اور بھارت میں ہندوتوا نظریات کا فروغ کے عنوان سے سیمینار سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔ مشاہد حسین سیّد، سابق سفیر عبدالباسط، سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، کیپٹن سلطان محمد حالی (ر) اور ڈاکٹر رابعہ اختر کے علاوہ نامور پالیسی میکرز، دفاعی تجزیہ کاروں اور ماہرین تعلیم نے مسئلہ کشمیر کے ساتھ بی جے پی کے فاشسٹ ہندوتوا نظریات کے فروغ پر بھی سیر حاصل گفتگو کی۔ وائس ایڈمرل عبدالعلیم نے خطبہ استقبالیہ میں کشمیریوں کی خصوصی حیثیت کے ساتھ بھارتی مسلمانوں کے بعض طبقات کو بھارتی شہریت سے محروم کرنے کے بارے میں بھی بات کی ، راجہ فاروق حیدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حق خود ارادیت مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہے ، انہوں نے بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو مزید اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ جموں و کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنے کا بھارتی اقدام ہندوتوا نظریہ کو فروغ دینے کی بھار تی حکومت کی پالیسی کا ایک اور مظہر ہے جس کا مقصد بھارت کو انتہائپسند ہندو اکثریتی ہندوستان میں تبدیل کرنا ہے ، پاک بحریہ چیلنجز سے بخوبی واقف اور دشمن کے ناپاک منصوبوں کو ناکام بنانے کے لئے تیار ہے ۔