واشنگٹن(این این آئی)انسانی حقوق کے حوالے سے امریکہ کی سالانہ رپورٹ میں جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے ،علاقے میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی بین الاقوامی تحقیقات پر زوردیا گیا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق امریکہ کے محکمہ خارجہ کی 2018ء کی سالانہ رپورٹ میں انسانی حقوق کے حوالے سے اقوام متحدہ کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جولائی 2016ء سے مارچ2017ء تک بھارتی فورسز کے ہاتھوں 145عام شہری مارے گئے ہیں جبکہ ہزار 42مظاہرین کے زخمی ہوئے ۔ 2018ء کے دوران انسانی حقوق کی مقامی اور بین الاقوامی تنظیمیں بھارتی فورسزکی طرف سے احتجاجی مظاہروں پر قابو پانے کیلئے پیلٹ گنز کے استعمال پر شدید تشویش کااظہارکرتی رہیں جبکہ سرکاری ذرائع کے مطابق جولائی 2016سے اگست2017ء تک پیلٹ گن کے زخموں سے 17افراد جاں بحق ہو گئے ۔ بھارت نے مقبو ضہ کشمیر میں کالا قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ بھی نافذ کررکھا ہے اور قابض انتظامیہ امن وامان برقرار رکھنے کے نام پر کسی بھی شخص کوشک کی بنیاد پر گرفتاراور نظربند کرنے کیلئے اس کا بے دریغ استعمال کررہی ہے ۔