واشنگٹن( ندیم منظور سلہری سے ) امریکی ارکان کانگریس نے بھارتی حکومت کو خط لکھ کر مقبوضہ کشمیر میں عائد غیر قانونی پابندیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے ، امریکی ایواننمائندگان کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین ایلیٹ اینجل اور ہوم لینڈ سیکیورٹی کمیٹی کے سابق چیئرمین مائیکل میک کال نے مقبوضہ وادی میں پابندیوں کے حوالے سے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کو خط لکھا ہے ، ری پبلکن اور ڈیموکریٹس کے اہم ارکان نے کہا ہے 5 اگست 2019ء کو آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد سے اب تک وادی میں حالات معمول پر نہیں آئے ۔ خط میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی آزادیوں اور جمہوری اقدار پر عمل یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے ۔ امریکی ماہرین نے اس خط کو پاکستان کی سفارتی فتح قرار دیا ، معروف سکالر اجے کمار شرما نے کہا یہ خط ایک ایسے وقت لکھا گیا جب امریکہ اور بھارت چین کے خلاف منصوبہ بندی کر رہے ہیں ، امریکی ایوان بالا کے اراکین کی اکثریت مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیتی رہی ہے ، موجودہ حالات میں کشمیر ایشو کا ایک دم عالمگیر بننا پاکستان کی سفارتی کامیابی ہے ۔