لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق ترجمان دفترخارجہ تسنیم اسلم نے کہاہے میڈیا میں آنے والی ویڈیوز سے پتہ لگتا ہے کہ کشمیر میں بھارت نے نسل کشی شروع کردی ہے ، یواین اورہیومن رائٹس کی تنظیمیں اس کو بڑی غورسے دیکھ رہی ہیں،جینوسائیڈ واچ نے بھی رپورٹ جاری کی ہے ۔پروگرام ہارڈ ٹاک پاکستان میں میزبان معید پیرزادہ سے گفتگو میں انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان نے مودی اور بھارت کے خلاف جو بیانیہ اپنایا ہے وہ انتہائی درست ہے اور یہی ہوناچاہئے تھا، بھارت فیکٹ فائنڈنگ مشن کوکبھی قبول نہیں کریگا، پلوامہ سمیت اپنے ملک میں دہشتگردی کے جو بھی واقعات ہوئے وہ بھارت نے خود کرائے ۔سابق سفیر برائے بھارت شاہد ملک نے کہا کشمیر میں ظلم وبربریت ہورہاہے جس کا جتنابھی افسوس ہوکیاجائے ، بی جے پی کے منشور میں کشمیر کا معاملہ بہت دیر سے چلا آرہا تھا، جب بابری مسجد کو شہید کیا گیا تو میں نے بھارتی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا آج بھارت کا سیکولرازم بے نقاب ہوگیا ہے کیونکہ جو ملک ایک مسجد کی حفاظت نہیں کرسکتا اقلیتیوں کی کیا حفاظت کریگا۔ مجھے ذاتی طورپر عالمی برادری کے ری ایکشن پر افسوس ہوا، انہوں نے کچھ نہیں کیا،بھارت کوئی نہ کوئی دہشتگردی کا ڈرامہ رچا کر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کریگا ،اس کیلئے ہمیں تیاررہناچاہئے ،پانی کے مسئلے پرہمیں توجہ دینی چاہئے ۔ماہر قانون راجہ عامرعباس نے کہا سپریم کورٹ کا فیصلہ سطحی سا ہے ، جج ویڈیو سکینڈل میں سپریم کورٹ نے اپنے آپ کو الگ کرلیا ہے ، اس میں مریم نواز کو پوچھا تک نہیں گیا، ناصربٹ کسی صورت نہیں آئیں گے ، سپریم کورٹ نے اسلام آبادہائیکورٹ کو پابند نہیں کیا ،ایک جنرل سا فیصلہ دیا،کسی قسم کا ریلیف نہیں ملے گا اوریہ کیس میرٹ پرچلے گا، اگر یہ ویڈیو جعلی ثابت ہوتی ہے تو پھر ان کے خلاف مزید مشکلات آئیں گی۔