استور ، اسلام آباد(این این آئی، نامہ نگار، وقائع نگار خصوصی)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کٹھ پتلی کشمیر کا مقدمہ لڑنے کی بجائے سیاسی مخالفین کو جیلوں میں بند کر رہا ہے ، ستر سالہ نواز شریف کو بیٹی سمیت جیل میں ڈالنا بزدلی ہے ، عید پر کشمیریوں کو سپورٹ کرنے جا رہا تھامگر عمران نیازی نے فریال تالپور کو عید کی رات جیل میں ڈال کے قومی اتحاد پر کلہاڑا چلایا، کشمیر کا مقدمہ بھٹو شہید کے فلسفہ کے مطابق لڑیں گے ۔ منگل کو بلاول بھٹو زرداری نے جلسہ سے خطاب میں گلگت بلتستان کے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہے کہ آپ نے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مل کر لڑنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیر پر حملہ اصل میں مسلم امہ، اقوام متحدہ پر حملہ ہے ، کٹھ پتلی وزیراعظم عمران میں کشمیر کا مقدمہ لڑنے کی اہلیت ہی نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف میرا سیاسی مخالف ہے ، مگر سیاسی مخالف کو بلیک میل کرنا بزدلی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اب تک گلگت بلتستان کو جتنے بھی حقوق ملے ہیں، پیپلزپارٹی نے دئیے ہیں،پیپلزپارٹی کی حکومت جلد آ رہی ہے ، آپ کے باقی حقوق بھی پیپلزپارٹی ہی دے گی۔ انہوں نے کہاکہ آپ لوگوں نے نظیر بھٹو شہید کا تیر بننا ہے ،ہمارا سکردو میں جلسہ ہو رہا ہے ،ہمارا نااہل وزیراعظم بولے یا نہ بولے ،سکردو کے جلسہ میں کشمیر کے حوالے سے واضح پیغام دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے ملک میں میڈیا پر پابندی لگا کر کشمیر میں میڈیا پر پابندی کی کیا بات کرتاہے ؟ جو اپنے مخالفین کو گرفتار کرے وہ مودی کو کیسے کہہ سکتا ہے ؟۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ جو ظلم ہمارے ساتھ کرنا ہے وہ کرے مگر غریب عوام کے ساتھ ظلم برداشت نہیں کرینگے ۔ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا مگر 10 لاکھ نوجوانوں کو بے روزگار کردیا،جو 50 لاکھ گھر بنانے والے تھے وہ لوگوں کے گھر توڑ توڑ رہے ہیں۔ قبل ازیں بلاول بھٹوزرداری کا استورعیدگاہ پولوگرائونڈ پہنچے پر جیالوں کی طرف سے شانداراستقبال کیا گیا ،جیالوں کے جئے جئے بھٹوکے نعرے لگائے ۔علاوہ ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیررسمی گفتگو میں کہا ہے کہ بھارت زیادہ دیرکشمیرپرقابض نہیں رہ سکتا، مقبوضہ کشمیر کی آزادی بلاول بھٹو کا مشن ہے ،موجودہ حالات میں صدر اور وزیراعظم کو بااثر شخصیات سے ملنا چاہیے تھا، مودی سے امن کی امید رکھنے والے احمق ہیں۔آصف زرداری نے کہا کہ کہا جا رہا تھا کہ مودی جیتے گا تومسئلہ کشمیرحل ہوگا۔