اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیر پر غیرقانونی قبضہ مسلمانوں کے خلاف ایک بڑی حکمت عملی کا حصہ ہے ۔وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں مودی سرکار کی بنگلادیشی مہاجرین کی آڑ میں مسلمانوں کو ملک بدر کرنے کی کوششوں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستانی اور عالمی میڈیا میں مودی سرکار کے ہاتھوں مسلمانوں کی نسل کشی کی اطلاعات سے دنیا بھر میں خطرے کی گھنٹیاں بج اٹھنی چاہئیں کہ کشمیر پر غیرقانونی قبضہ مسلمانوں کیخلاف ایک بڑی حکمت عملی کا حصہ ہے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کل لاہور آئینگے اور گورنر ہائوس میں انٹرنیشنل سکھ کنونشن سے خطاب کریں گے ، اس کے علاوہ وہ گورنر چودھری سرور اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقاتیں بھی کریں گے ۔