اسلام آباد(وقائع نگار ،مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کشمیرکے مسئلے پرتمام سیاسی جماعتیں متحدہیں ، بھارت اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔گزشتہ روزنجی ٹی وی سے گفتگو میں صدرعارف علوی نے کہا کہ بھارت کشمیرمیں مظالم بڑھارہا ہے ،اقوام متحدہ مسئلہ کشمیرپراپناکردارادانہیں کرسکا جس سے مایوسی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت عالمی میڈیاکوکشمیرجانے کی اجازت کیوں نہیں دیتا۔وزیراعظم سے کہاکشمیرکازکوسوشل میڈیاپرزیادہ اجاگرکیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی اقدام پرچین نے واضح موقف اختیار کیا۔ ترکی،چین اورملائیشیا نے پاکستان کوکشمیر کے معاملے پرسپورٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیرپردنیاکے سامنے اپنابیان اورنقشہ پیش کرتے رہیں گے ، ہم دنیاکوبتاناچاہتے ہیں مسئلہ کشمیرحل ہوناچاہئے ۔ اقوام متحدہ ہمارانقشہ قبول کرلے تومسئلہ حل ہوجائے گا۔ انہو ں نے کہا کہ سینٹ اجلاس میں آج شرکت کی دعوت دی گئی ہے ،کسی صدرکی شرکت کایہ پہلاموقع ہے ۔دریں اثناصدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے گزشتہ روزکامسٹیک یونیورسٹی میں مصنوعی ذہانت سے متعلق تقریب سے خطاب میں مصنوعی ذہانت کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کے فروغ سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے ، گورننس اور سائنس کے امتزاج سے ترقی ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 20 کروڑ لوگوں کا ڈیٹا موجود ہے ، یہ ڈیٹا نیا سونا اور تیل ہے ، ہم اس ڈیٹا کے تجزیہ سے منصوبہ سازی کرکے کئی اقدامات میں بہتری لا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت سے انسانی وسائل کی ترقی کیلئے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہے ، خواتین سافٹ ویئر ٹیکنالوجی کے ذریعے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، خواتین ڈاکٹرز بھی ٹیکنالوجی کے ذریعے گھر میں بیٹھ کر اپنی خدمات سرانجام دے سکتی ہیں اس سے خواتین کو بااختیار بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کورونا سے محفوظ ملک ہے ، حکومت نے دانشمندانہ پالیسیوں سے کوروناپرقابوپانے میں کامیابی حاصل کی ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری اور وفاقی وزیر انسداد منشیات اعظم سواتی بھی موجود تھے ۔