اسلام آباد (سپیشل رپورٹر ،نیٹ نیوز ) وزیراعظم عمران خان نے امریکی اخبار ’دی نیویارک ٹائمز‘ کو لکھے گئے مضمون میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا غیرقانونی الحاق کا فیصلہ واپس لینے ، کرفیو ختم کرنے ،بھارتی فوجیوں کی بیرکوں میں واپسی کی صورت میں ہی بھارت سے مذاکرات کا عمل شروع ہوسکتا ہے ،جنوبی ایشیا میں جوہری سائے منڈلا رہے ہیں، آر ایس ایس اور بی جے پی صرف ہندوتوا کو مانتے ہیں، جب کرفیو ختم ہوگا تب کشمیرمیں خون کی نہریں بہہ چکی ہوں گی،دنیا نے بھارت کو نہ روکا تودو ایٹمی طاقتیں ٹکراجائیں گے ۔ اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم نے جس طرح کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اس پر فخر ہے ۔پاکستانی قوم نے دنیا کو بھارت پر ہندو بالادستی کے RSS اور BJP کے نظریے کے (نازی انداز میں) غلبے سے جنم لینے والے خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے واضح کردیا کہ اس سے محض خطے ہی کو نہیں بلکہ پوری دنیا کو خطرہ ہے ۔وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم نے ولی عہد ابوظہبی شیخ محمد بن زاید النہیان کو بتایا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے جرائم سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کیلئے جعلی فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچا سکتا ہے ،مقبوضہ کشمیر اور پاکستان کے عوام اسلامی ریاستوں کی مضبوط حمایت کے منتظر ہیں۔دریں اثنا وزیراعظم کی زیر صدارت اقتصادی ٹیم کے اجلاس میں کاروباری برادری کے ساتھ بات چیت کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا تاکہ وہ ترقی کی رفتار کو بڑھانے اور معاشی استحکام کے حصول کے بارے میں حکومت کی رہنمائی کرسکیں ۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت جمعہ کو پی ایم آفس میں اقتصادی ٹیم کا اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں موجودہ اقتصادی صورتحال، کاروباری ماحول، برآمدات میں اضافے ، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم کرنے اور معیشت کے استحکام کے لئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ماضی میں توانائی کے شعبہ میں کچھ نہیں کیا گیا ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ عالمی بینک اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک جیسے بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے بجٹ کی حمایت کردی ہے ۔