سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیرمیں جموں و کشمیر پیپلز لیگ نے کہاہے کہ بھارت کی طرف سے 5اگست کو جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کا یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام دراصل شکست کا اعتراف ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پیپلز لیگ کے ترجمان نے سرینگرسے ایک بیان میں کہاکہ بھارت نے 72بر س سے فوجی طاقت کے بل پر جموں وکشمیر پر غیر قانونی طورپر قبضہ تو کر رکھا ہے تاہم وہ اس دوران ایک بھی کشمیری کو اپنا بنانے یا زمین کا ایک انچ بھی اپنا حصہ نہیں بناسکا ۔ انہوں نے جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ ترجمان نے حریت رہنمائوں اور کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کی گرفتاری اور بھارت کی مختلف جیلوں میں منتقلی کی مذمت کی۔ ترجمان نے مظلوم کشمیریوں کی آواز بن کر بھارتی ظلم و بربریت اورریاستی دہشت گردی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے اور کشمیریوں کے میں عالمی سطح پر آواز بلند کرنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ اداکیا۔