بیجنگ ( نیوزایجنسیاں ) چین نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ یواین قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار ترجمان چینی وزارت خارجہ ہواچن ینگ نے ایشیا اور افریقی ممالک کے صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ترجمان نے کہا کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان اہم تنازع ہے ، اسے یواین قرارداد کے مطابق حل کیاجائے ، پاکستان اور بھارت مسئلہ پر امن طریقے سے حل کریں۔انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیرکی موجودہ صورتحال پرچین کو تشویش ہے ۔بھارتی اقدامات سے چین کی سلامتی بھی چیلنج ہوئی ہے ۔ بھارت کے یکطرفہ اقدامات درست نہیں۔ پاکستان اور بھارت کو اپنے تنازع کا مناسب حل تلاش کرناچاہیے ، ایساحل جس سے خطے میں امن و سلامتی بڑھے ۔ان کا مزید کہنا تھا پاکستان اور بھارت دونوں ہمارے بہترین ہمسائے ہیں، امید ہے دونوں عظیم ہمسایوں کے باہمی تعلقات امن کی بنیاد پر استوارہوں گے ۔ بھارت اور پاکستان مسئلے کو حل کرنے کیلئے جہاں تک ہوسکے پر امن مذاکرات کا راستہ اپنائیں۔ چین صورتحال پیچیدہ بنانے والے ہر یکطرفہ اقدام کا مخالف ہے ۔