کراچی(سٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کی جنگی مشق شمشیر ِبحر VII اور لاجسٹک مشق ترسیل بحر II کا اختتامی اجلاس گزشتہ روزکراچی میں ہوا۔ امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔تقریب میں آمدپرڈپٹی چیف آف دی نیول سٹاف(آپریشنز) اور مشق کے انتظامی افسر ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے ان کا استقبال کیا۔ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے مشقوں کے مقاصد، طریقہ کار اورپاک بحریہ کی حکمت عملی سے متعلق سفارشات پیش کیں۔اس موقع پرنیول چیف نے واضح کیاکہ بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے غیر قانونی انضمام کے حالیہ واقعے اور وادی میں بھارتی مسلح افواج کی جانب سے ظلم و بربریت اورسفاکیت کے باعث خطے کا سیاسی و جغرافیائی ماحول بگڑرہاہے ،موجودہ بھارتی قیادت آرایس ایس ہندوتوانظریات کی پیداوارہے اور مقبوضہ کشمیر میں بنیاد پرستی پر مبنی ظلم و بربریت کی پالیسیوں کا نفاذ چاہتی ہے جومسئلہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹا نے کے لئے پاکستان کے ساتھ ٹکراؤ کا پیش خیمہ ہوسکتی ہے ،اسی لئے موجودہ ماحول کے پیش نظر مستقبل قریب میں ہماری قومی سلامتی کو مسلسل چیلنجز کا سامنا رہنے کے امکانات ہیں،پاک بحریہ حکومتی پالیسیوں اور دیگر افواج کے ساتھ ہم آہنگ ہے اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کامنہ توڑ جواب دینے کے لئے ہر طرح سے تیارہے ۔انہوں نے جنگی مشقوں کے انعقاد پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور آپریشنل منصوبوں، ترقیاتی اور جنگی حکمت عملی کومزیدبہتر بنانے کی سفارشات کو سراہا۔