سرینگر ( نیٹ نیوز) مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد قابض بھارتی فوج کیخلاف شہریوں کی بڑی تعداد مزاحمت کرتی نظر آ رہی ہے ، سرینگر کا علاقہ صورہ پہلے ہی قابض فوج کیلئے نو گو ایریا بنا ہوا ہے اب برطانوی میڈیا بہادر جوانوں کی بھارتی فورسز کے خلاف پہرہ دینے کی ویڈیو منظر عام پر لے آیا۔برطانوی اخبار نے نڈر جوانوں سے گفتگو بھی کی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انچار، صورہ کا محلہ ہے جہاں کے جوانوں نے بھارتی فوج کو علاقے میں گھسنے نہیں دیا۔ویڈیو میں شہریوں کا کہنا ہے کہ کشمیر کی آزادی کیلئے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے ، ایک لڑکی کا کہنا ہے کہ بھارت نے کشمیر کو قید خانے میں بدل دیا ہے ،کشمیری شہری کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتیں مسئلہ کشمیر پر کیوں خاموش ہیں؟ انچار کے لوگوں کے احتجاج کی وجہ سے فورسز بوڑھوں اور عورتوں کو بھی ہراساں کر رہی ہے ، بھارتی فورسز کی دھمکیوں کی وجہ سے 50 سے 60 لڑکے رات بھر علاقے کا پہرہ دیتے ہیں۔نوجوانوں کا کہنا تھا کہ انچار کے جوانوں نے لوہے کی چادر سے ڈھالیں بھی بنا رکھی ہیں، ہم رات کو جاگتے ہیں تاکہ مائیں بہنیں امن میں سوئیں، قابض فوج کی دو سے چار بار علاقے میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنائیں ، ہم ڈنڈوں اور پتھر کے ذریعہ بھارتی فوجیوں سے لڑے ، بھارتی فوجیوں نے لڑکوں پر پیلٹ گنز کے براہ راست فائر کئے ، میرے بھی جسم میں چھرّے موجود ہیں جو آزادی کے بعد نکلواؤں گا۔