اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ترک صدر نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں خطاب کے دوران جرات اور دلیری کے ساتھ کشمیری عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کی، پاکستانی اور ترک عوام ایک ہیں، دونوں ممالک معاشی اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تیزی سے ایک دوسرے کے قریب ہو رہے ہیں، ترک برادر ملک پاکستان کو ٹیکنالوجی کی فراہمی سے اقوام عالم کے نقشہ پر مستحکم کرنے کا خواہاں ہے ۔ فردوس عاشق اعوان نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی مسلم اقوام عالم کو مشترکہ ایجنڈے کے ساتھ آگے بڑھانا چاہتا ہے ۔ پاکستان اور مسلم دنیا کے مسائل کے حل کیلئے ترک کوششیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترک عوام اور قیادت کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے کشمیری عوام سے بھارتی ظلم، جبر اور استبداد پر وزیر اعظم عمران خان کے دو ٹوک مؤقف کی تائید کی اور آواز بلند کی۔ ترک صدر کا موجودہ دورہ دو طرفہ تعلقات، تجارت، معیشت اور تکنیکی اقدامات کو تقویت د یگا ۔ترک صدر نے وزیر اعظم عمران خان کی آواز میں آواز ملائی اور پاکستانی اور ترک عوام کو ایک دوسرے کے ساتھ مضبوط رشتے سے جوڑنے کی کوشش کی ۔ انہوں نے کہا کہ ترک خاتون اول دنیا کی خواتین کیلئے اسلامی معاشرے کے اعتبار سے ایک رول ماڈل ہیں اور پاکستان کی خواتین کے جذبات کی عکاسی کرتی ہیں۔ ان کی کوششوں سے خواتین کی معاشرتی اور روشن اقدار سے درخشاں چہرہ متعارف ہو رہا ہے ۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا پاکستان اور ترکی بے مثال دوستی کے بندھن میں بندھے ہیں، مذہب اور ثقافت پر مبنی یہ رشتے دونوں ممالک کے عوام کے دل سے جڑے ہیں، ترک صدر رجب طیب اردگان اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات نئی بلندیوں کو چھورہے ہیں۔