لاہور(سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں بیٹھے بے ضمیر حکمران گہری نیند سو رہے ہیں جبکہ بھارت اژدھا ہے ، اگر اسکا سر نہ کچلا تو اسکی جارحیت سے پاکستان سمیت خطے کے تمام ممالک کو خطرہ ہے ۔گزشتہ روزاسلام آباد میں کشمیری خواتین کے کشمیر بچاؤمارچ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کے پاس مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے کوئی روڈ میپ نہیں،یہ 80 لاکھ کشمیریوں کی موت کا انتظار کر رہے ہیں ۔ کشمیر کی آزادی پاکستان کی بقا اور سا لمیت کیلئے ضروری ہے ۔ مودی کا نظریہ اکھنڈ بھارت کا ہے ، وہ پاکستان پر قبضہ کرنے ، مسلمانوں کو ہند و اور مساجد کو مندر بنانے کی باتیں کر رہا ہے ۔ پاکستانی حکمران فلمی ڈائیلاگ بولتے اور امریکہ کے اشارے پر چلتے ہیں، اگر انہیں اللہ کی مدد اور نصرت پر یقین ہوتا تو 72 سال سے کشمیر میں ہونیوالے مظالم پر خاموش نہ رہتے ۔ کشمیری مسلمان ہیں اسلئے اقوام متحدہ اندھی گونگی اور بہری بنی ہوئی ہے ۔ پرویز مشرف نے مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ۔ مشرف نے انڈیا اور امریکہ کو خوش کرنے کیلئے ایل او سی پر باڑ لگوائی ۔ قوم سے جھوٹ بولنے پر حکمران معافی مانگیں، ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر دینے کے وعدوں سے مکر کر حکمرانوں نے جھوٹے اور ناقابل اعتبار ہونے پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے ۔ دیانتداری کا راگ الاپنے والوں نے سینٹ میں بدترین خرید و فروخت کی ۔ معیشت 13 فیصد تنزلی کے بعد آخری نمبروں پر ہے اور دنیا بھر میں پاکستانی پاسپورٹ کی کوئی عزت نہیں ۔ حکمران بدترین مہنگائی ، بے روزگاری ، روپے کی قدر میں کمی پر کہتے ہیں کہ گھبرانا نہیں ۔ سعودی عرب اور ایران میں صلح اچھی بات ہے مگر جب گھر کو آگ لگی ہوتو پہلے اسے بجھانے کی طرف توجہ دی جاتی ہے ۔ آرمی چیف تاجروں اور ڈاکٹروں کی بات سنتے ہیں ، کشمیری ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی پکار کب سنیں گے ؟ ہم آپ سے عملی اقدام کی توقع رکھتے ہیں ۔کشمیر بچاؤ مارچ میں آزادکشمیر کی ہزاروں خواتین اور بچوں نے شرکت کی ۔ مارچ سے امیر العظیم ، میا ں اسلم ،ڈاکٹر طارق سلیم ، ڈاکٹر خالد محمود ، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، ڈاکٹر دردانہ صدیقی نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر نصر اللہ رندھاوا، قیصر شریف ، سکینہ شاہد ، ام حسان اور ثمینہ احسان بھی موجود تھے ۔