پلوامہ (نیٹ نیوز) امریکی میگزین فارن پالیسی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر کہا ہے کہ کشمیری ہمیشہ خاموش نہیں رہیں گے ،کشمیری چاہتے ہیں کہ دنیا جان لے کہ وہ بھارتی اقدام کے جواب میں جوابی وار کریں گے ۔میگزین نے اپنے ایک مضمون میں کہا کہ ایک جانب واشنگٹن، لندن، ماسکو، بیجنگ اور پیرس میں کشمیر کی صورتحال پر غوروخوض کیا جا رہا ہے تو دوسری جانب کشمیریوں کی آواز دبائی جا رہی ہے ۔ بیگناہ لوگوں کو گھروں سے اٹھایا جا رہا ہے اور پولیس انہیں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے ، ان سب کے جواب میں نوجوان اسلحہ اٹھا رہے ہیں پھر انہیں حکومت کی جانب سے دہشت گرد قرار دے دیا جاتا ہے ۔پلوامہ کے رہائشیوں نے بتایا کہ کریک ڈاؤن سے قبل بھارتی فورسز نے نوجوانوں کو سڑکوں پر گھسیٹا اور انہیں وندے ماترم گانے اور ہندو مذہبی نعرے لگانے پر مجبور کیا گیا۔کشمیریوں کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنی زندگی کی فکر ہے لیکن جب بات آپکے اپنوں تک آجاتی ہے تو پھر کوئی بھی ہر چیز داؤ پر لگانے پر مجبور ہو جاتا ہے ۔آرٹیکل 370 کا خاتمہ کرنا دراصل غنڈہ راج ہے اور یہ ٹھگوں اور لٹیروں کی حکومت ہے ۔بھارتی حکومت ہمیں آہستہ آہستہ قتل کرنا چاہتی ہے تاکہ ہماری زمین پر قبضہ کر سکے ۔مضمون میں کہا گیا ہے کہ آخر کب تک کشمیریوں کو پابند سلاسل کیا جا سکتا ہے ، جب یہ پابندیاں ختم ہوں گی تو پھر لوگ آتش فشاں کی طرح پھٹ پڑیں گے ۔ کشمیری نوجوانوں کا کہنا ہے کہ مودی نے ہمارے مستقبل کا خون کر دیا ہے ، کیا مودی واقعی یہ سمجھتا ہے کہ وہ ہم پر حکومت کر سکتا ہے ؟ ہم ایسا کبھی نہیں ہونے دیں گے ، ہم لڑیں گے ۔