لندن (غلام حسین اعوان ) پاکستان ہائی کمیشن لندن میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے آشکار کرنے کے لیے تصویری نمائش منعقد کی گئی، بھارتی بربریت کی آگاہ ہوکر مقامی شہری بھی حیران رہ گئے ، مقبوضہ جموں و کشمیر میں لاک ڈاؤن کا ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان ہائی کمیشن لندن میں بھارتی بربریت کا شکار افراد کی تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا ، نمائش میں کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی، ہائی کمشنر آف پاکستان محمد نفیس زکریا نے شرکا سے مخاطب ہوتے ہوے کہا پانچ اگست کا بھارتی اقدام عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی تھا، وادی کے عوام بھارت کے جبر کا شکار ہیں، یہ ان مظلوم بچوں، بوڑھوں، خواتین اور مردوں کی تصاویر ہیں جنہیں بھارتی افواج نے پیلٹ گن، اسلحے اور طاقت کے ذریعے ظلم کا نشانہ بنایا ، نمائش کا مقصد دنیا کی توجہ کشمیر کی جانب مبذول کرانا ہے ، نمائش دیکھنے کیلئے آنے والوں میں سکھ فیملیز بھی شامل تھیں، تصویری نمائش دیکھنے والوں کا کہنا تھا یہ تصاویر دیکھ کر ہمارا دل خون کے آنسو رو رہا ہے ، ہم کشمیری باشندوں کے انسانی حقوق کی خاطر ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔