سرینگر(این این آئی) سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے بھارت میں کشمیری طلبا ، تاجروں اور مسافروں پرحملوں کو انتہائی تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کشمیریوں پر حملے بھارتی حکومت کے ایما پر کئے جا رہے ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا بھارتی شہروں میں کشمیریوں کو مارنے پیٹنے ، بے عزت کرنے ، اُن کی دکانوں کی لوٹ مار کا بہیمانہ عمل کشمیر ی نوجوانوں کو مزید بغاوت کے راستے پر گامزن کریگا۔ یہ سب کچھ پولیس کی ناک کے نیچے ہورہا ہے جبکہ حملوں آورں کیخلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں نہ اب تک کسی کو گرفتار کیا گیا۔جب بدلہ لینے کے بیانات خودبھارتی وزیراعظم ، وزیر داخلہ اور دوسرے سیاسی رہنماؤں کی طرف سے آرہے ہوں تو بدترین حملوں کو کیسے اور کیونکر محض غم و غصے کا اظہار سمجھا جائے گا۔ کشمیریوں نے اپنے ہاں موجود بھارتیوں کو ہر دور میں تحفظ مہیا کیا اور آئندہ بھی کریں گے ۔