اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس کے بعد تھر ایکسپریس بھی بند کر رہے ہیں۔ جوکشمیریوں کا ساتھ نہیں دے گا وہ غدار ہو گا، جوکشمیریوں کا ساتھ نہیں دے گا اس کی سیاست کو دفن کردیں گے ۔عید کے بعد آزاد کشمیر کا دورہ کروں گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس میں کیا ۔شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ تھرایکسپریس کوبھی بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ تھرایکسپریس مونا بائو تک مسافروں کو لیکرجائے گی۔ میرپور سے زیروپوائنٹ تک صرف ایک ٹرین جائے گی۔ یہی ٹرین زیرپوائنٹ سے پاکستانی مسافروں کو واپس لائے گی۔ شیخ رشید نے کہا بابا گرونانک کے 550ویں جنم دن کی تقریبات ننکانہ صاحب میں بھرپور طریقہ سے منائی جائیں گی۔ننکانہ ریلوے سٹیشن پر اضافی بڑے مہمان خانے بھی بنائے جا رہے ہیں تاکہ دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں کو سہولت دی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کشمیر کے حوالہ سے بھارت اور مودی سرکار نے احمقانہ اور جاہلانہ فیصلہ کیا ہے ۔ بھارت نے کشمیر سے متعلق عالمی اداروں کی قراردادوں اور شملہ معاہدے سمیت تمام دوطرفہ معاہدوں کو بھی تہہ و بالا کر دیا ہے ۔ کشمیر میں جو کچھ بھارت نے کیا وہ ان کی سوچی سمجھی سازش ہے ۔ میں نے قومی اسمبلی میں بھی کہا کہ یہ بہت پرخطر سال ہے ، جنگ بھی ہو سکتی ہے مگر پاکستان جنگ نہیں ، امن چاہتا ہے لیکن کشمیر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور اگر جنگ مسلط کی گئی تو یہ فیصلہ کن جنگ ہو گی۔وزیر خارجہ چین گئے ہیں، چین کے ساتھ ہمالیہ سے بلند تعلقات ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ فواد چودھری کو دوسری وزارتوں میں منہ مارنے کی عادت ہے ، انہوں نے ٹارزن بننے کی کوشش کی،وزیر اعظم سے شکایت کروں گا۔ ریلوے میں پچھلے سال کی نسبت10سے 12ارب زیادہ منافع ہوا ہے ،چودھری شوگر مل کیس پورے شریف خاندان کو شوگر لکا دے گی۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا ایم ایل ون کا 1800 کلومیٹر کا ٹریک پاکستان کی معاشی صورتحال بدل دے گا۔قبل ازیں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شیخ رشید اور فواد چودھری کے درمیان نوک جھونک ہوگئی۔فواد چودھری نے سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے کے فیصلے پر تنقید کی تو وزیر ریلوے نے کہا کسی میں ہمت ہے تو سمجھوتہ ایکسپریس چلا کر دکھائے ۔