سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے مشکلات کا شکار کشمیریوں کی حمایت پر پاکستانی عوام اورسیاسی و عسکری قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کشمیرکاز کو عالمی سطح پر بھر پور انداز سے پیش کرنے کے وزیر اعظم عمران خان کے کردار کو سراہتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ اپنے اس عمل کو نہ صرف جاری رکھیں بلکہ اس میں مزید تیزی لائیں تاکہ عالمی برادری کو مقبوضہ علاقے کی ابتر صورتحال کا بھر پور ادارک ہو ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اپنی انتہا کو چھو رہی ہے ، عالمی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ کیلئے یہ اچھا وقت ہے کہ وہ محض بیانات جاری کرنے کے بجائے محکوم کشمیریوں کا بھر اندازساتھ دے اور انکے حق میں کھڑا ہو، کشمیری بھارتی حکومت کے شیطانی منصوبوں سے ہرگز مرعوب نہیں ہونگے اورحق خود ارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد عزم وہمت کیساتھ جاری رکھیں گے ، بھارت کی کشمیر میں شکست نوشتہ دیوار ہے اور وہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں کامیاب نہیں ہوگا۔