لاہور،ملتان،نیویارک (نمائندہ خصوصی سے ،اپنے رپورٹر سے ،بیورو رپورٹ)کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے ،مظاہرین نے انڈین پرچم ، مودی کے پتلے نذرآتش کئے ، مقررین نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ۔تفصیلات کے مطابق تمام مکاتب فکر کے چاروں مسالک علماء بورڈ نے ملک گیرسطح پریکجہتی وآزادی کشمیر منایا،نماز جمعہ ملک بھر کی مساجد کے باہر زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔لاہورلبرٹی مارکیٹ کی مرکزی جامع مسجد کے باہر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیاگیا ۔ کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ڈی سی آفس میں ریلی کا اہتمام کیا گیا،ریلی کی قیادت ڈی سی لاہور دانش افضال نے کی۔ ملتان ، ڈیرہ غازی خان ، راجن پور اور دیگر مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے ،ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں فرینڈز آف کشمیر اور دیگر سیاسی ،سماجی تنظیموں کے اشتراک سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرہ کیاگیا جس میں کشمیری ، پاکستانیو ں کے علاوہ سکھ کمیونٹی نے بھی بھر پور شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر بلال ،ڈاکٹر عامر قریشی،مبشر وڑائچ،ڈاکٹر نوید اور دیگر نے کہا کہ ہم ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ اٹھاتے رہیں گے ۔