لاہور، ملتان(آئی این پی )مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ کلثوم نواز میری بہن تھیں، پارٹی سے ناراضگی کے وقت بھی وہ رابطے میں رہیں، نواز شریف کو پیرول کیلئے درخواست نہیں دینی چاہئے ، انکو پیرول پر رہا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ منگل کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا مشرف دور میں انہوں نے جرأت و بہادری کا مظاہرہ کرکے اپنی پارٹی کی رہنمائی کی۔جاوید ہاشمی نے کہا بیگم کلثوم نواز نے پارٹی اور فیملی کو کھڑا کیا، جمہوریت کے لئے جدوجہد کی، وہ بات منوانا جانتی تھیں اور لوگ ان کی بات سنتے اور مانتے تھے ، ان کی زندگی ایک روشن باب ہے ، جمہوریت کا بھی اور پاکستان کی سیاسی تاریخ کا بھی۔ مسلم لیگ( ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حکومت نے ظرف دکھانا ہے تو نوازشر یف اور مریم نواز کو رہا کردے ،کوئی درخواست نہیں دی جائیگی، حکومت نے درخواست کی بات کرکے انتہائی چھوٹی بات کی۔انہوں نے کہا مشرف کی آمریت میں ایک طرف وہ نواز شریف کے مقدمات کا عدالتو ں میں سامنا کررہی تھیں اور دوسری طرف وہ پارٹی کو قیادت بھی فراہم کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا مردم شناسی میں کلثوم نواز میاں نوازشریف سے زیادہ بہتر تھیں، وہ نواز شریف کو مشورے دیا کرتی تھیں اور نوازشرف ان کے مشوروں کو اہمیت دیا کرتے تھے ۔ انہوں نے کہا مشرف کے مارشل لامیں جب جیل میں تھا تو اس حکومت نے بھی مجھے بغیر درخواست دینے کے پیرول پر رہا کردیا تھا تاکہ میں اپنی والدہ کی عیادت کر سکوں۔عابد شیر علی نے کہا کہ کلثوم نواز کی بیماری ، وینٹی لیٹر پر ہونے اور ان کے آنے جانے پر بھی سیاست کی گئی، سیاست میں خواتین کا کردار اتنا ہی اہم ہے جتنا کہ مردوں کا۔