لاہور(قاضی ندیم اقبال) 11اضلاع میں کلین گرین پاکستان مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کا عزم، محکمہ اوقاف کے پنجاب بھر میں تعینات 11میں سے 9 زونل ایڈمنسٹریٹرز کو’’کنٹی جینسی پلان/ہنگامی پلان ‘‘ کی تیاری میں ڈپٹی کمشنرز سے رابطہ کر کے ان کی معاونت کا پابند بنا دیا گیا۔ایڈمنسٹریٹر داتا دربار اور ایڈمنسٹریٹر بادشاہی مسجد اس اسانمنٹ سے مبرا ہوں گے ۔معتبر اور مصدقہ ذرائع کے مطابق چند روز قبل اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی جانب سے صوبائی انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز کے ساتھ ساتھ صوبائی دارالحکومت سمیت گوجرانوالہ ، سیالکوٹ،گجرات، راولپنڈی، سرگودھا،فیصل آباد،ساہیوال، ملتان، ڈیرہ غازی خان،اور بہاولپور کے ڈپٹی کمشنرز پر واضح کیا گیا ہے کہ عوام الناس کو موسمی تغیرات اور اس کے ممکنہ منفی اثرات سے بچانے کے لئے ’’کلین گرین پاکستان‘‘ مہم پر فوکس کیا جائے ۔ ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے جاری ہدایات کی روشنی میں سیکرٹری اوقاف گلزار حسین شاہ نے ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ اوقاف کو گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس کے پیش نظر ایڈمنسٹریٹر لاہور زون عابد شبیر، ایڈمنسٹریٹر گوجرانوالہ شاہد حمید ورک،ایڈمنسٹریٹر راولپنڈی زاہد، ایڈمنسٹریٹر فیصل آباد ایاز احمد لاشاری، ایڈمنسٹریٹرسرگودھا عبد الشکور، ایڈمنسٹریٹر پاکپتن رانا طارق علی، ایڈمنسٹریٹر ملتان ضیاء المصطفی،ایڈمنسٹریٹر بہاولپور غلام عباس عباسی اور ایڈمنسٹریٹر ڈیرہ غازی خان طاہر احمد کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے انہیں حکم دیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پراپنے ڈویژن کی حدود میں آنے والے تمام ڈپٹی کمشنرز سے از خود فوری طور پررابطہ کریں اور ان سے کلین گرین پاکستان مہم کے حوالے سے معاملات کو زیر بحث لائیں ۔