لاہور، کراچی (نمائندہ خصوصی سے ،سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے صدقہ،فطرہ اورفدیہ کا اعلان کردیا،صدقہ فطراورفدیے کی کم ازکم مقدارچکی کا آٹا 2 کلو 125 روپے فی کس ہے ،گندم کے حساب سے فطرہ کی کم سے کم رقم ہے ۔انکا کہنا ہے کہ جو کے نصاب سے فطرہ 320 روپے ،کھجورکے نصاب سے 1600روپے ،کشمش کے نصاب سے 1920 روپے اورپنیرکے نصاب سے 3540 روپے بنتا ہے ،اہلِ ثروت اپنی مالی حیثیت کے مطابق فطرہ وفدیہ ادا کرسکتے ہیں،علاوہ ازیں جو لوگ روزہ نہیں رکھ سکتے ،وہ 30روزوں کا فدیہ چکی کا آٹا 3750 روپے ،جو 9,600روپے ،کھجور 48,000 روپے ،کشمش57,600 روپے اورپنیر1,06,200 روپے ادا کریں،انہوں نے کہا کہ جن حضرات کو اللہ تعالیٰ نے رزق میں کشادگی عطا کی اوروافردولت سے نوازا ہے ، وہ اپنی مالی حیثیت کو پیشِ نظررکھتے ہوئے جو،کھجور،کشمش یا پنیرکے حساب سے فطرہ،فدیہ اورکفارات ادا کریں تاکہ نعمتِ مال کا تشکُّربھی ہو اورنادارطبقات کی ضروریات بھی پوری ہوں۔