کراچی(این این آئی،صباح نیوز)عالمی ریٹنگ ایجنسی ایس اینڈ پی نے پاکستانی معیشت کاآؤ ٹ لک مستحکم برقرار رکھتے ہوئے کہاہے کہ آئی ایم ایف پروگرام،ملٹی اوربائی لیٹرل فنڈنگ ملکی معیشت کو سہارا دینے میں مدد دے گی۔ عالمی ریٹنگ ایجنسی ایس اینڈ پی نے پاکستان پر رپورٹ جاری کردی ہے ، جس میں پاکستانی معیشت کا آؤٹ لک مستحکم برقرار رکھا ہے ، پاکستان کی طویل مدتی ریٹنگ بی مائنس اور قلیل مدتی ریٹنگ بی ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف اوردیگر ذرائع سے ملی فنڈنگ آئندہ 12ماہ کیلئے کافی ہوگی، امید ہے ملکی معاشی اشاریوں میں مزید خرابی نہیں آئے گی۔عالمی ریٹنگ ایجنسی کے مطابق پاکستان کی معاشی شرح نمو2.4فیصد رہے گی ، یہ شرح 12 سال کی کم ترین سطح ہے ، رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستان میں فی کس آمدنی1200 ڈالر تک ہوجائے گی۔رپورٹ کے مطابق ملکی معیشت کو بیرونی خدشات لاحق ہیں ، ریٹنگز کم ہونے کی وجہ پاکستان کی کم آمدنی ہے جس کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دینا ہو گی۔ مالیاتی خسارہ ، غیر ملکی ادائیگیاں معیشت کے لئے پریشان کن، سکیورٹی اور انفرا سٹرکچر کے مسائل سرمایہ کاری میں رکاوٹ ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بیروزگاری کی شرح 6.2فیصد،تجارتی خسارہ جی ڈی پی کا 9فیصدجبکہ مہنگائی کی شرح 8 فیصد رہنے کا امکان ہے ۔