کراچی( نیٹ نیوز) پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے اُن والدین کو ایک پیغام دیا ہے جو اپنے بچوں کو سنبھالنے کے لیے کم عمر آیا رکھتے ہیں، ثمینہ پیرزادہ کو جہاں ان کی اداکاری کی وجہ سے بے حد پسند کیا جاتا ہے وہیں انہیں ان کے یوٹیوب کے ویب شو ’ریوائنڈ ود ثمینہ پیرزادہ‘ میں بطور میزبان بھی خوب پسند کیا جاتا ہے ، حال ہی میں اداکارہ نے یوٹیوب پر ایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ میں اکثر ریسٹورینٹ میں کھانا کھانے جاتی ہوں اور یہ دیکھتی ہوں کہ لوگ اپنے چھوٹے چھوٹے بچوں کے ساتھ ایک ننھی منی سی آیا ساتھ لے کر آتے ہیں جہاں وہ خود بیٹھ کر کھانا کھاتے ہیں اور وہ ننھی منی سی بچی ان کے بچے گود میں اٹھا کر ٹہلا رہی ہوتی ہے یا کسی میز پر اکیلے بیٹھ جاتی ہے ، ثمینہ پیرزادہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں ایسے والدین سے سوال کیا کہ آپ انہیں اپنے پاس کیوں نہیں بٹھاتے ؟ انہوں نے مزید کہا کہ اوّل تو چھوٹے بچوں کو کام پر نہیں رکھنا چاہیے ، یہ غلط ہے ، تہذیب کے خلاف ہے ، انسانیت کے خلاف ہے اور قانون کے بھی خلاف ہے ، ان کا کہنا تھا 18 سال سے کم عمر کے بچوں کو کام پر نہیں رکھنا چاہیے ، اور یہ تو بہت کم عمر 8 یا 9 سال کی بچیاں ہوتی ہیں تو ہر گز بھی نہیں، اور اگر آپ انہیں اپنے ساتھ لے بھی جاتے ہیں تو انہیں میز پر اپنے ساتھ بٹھا کر کھانا ہی کھلا دیا کریں، اس سے کیا ہو جائے گا، ثمینہ پیرزادہ کی اس ویڈیو پر صارفین کی جانب سے بھی ملے جلے انداز میں تبصرے کیے جا رہے ہیں۔