واشنگٹن(نیٹ نیوز) مارول اوینجرز یعنی آئرن مین، ہلک اور کیپٹن امریکہ سمیت تمام سپر ہیروز جلد ہی ایک بلاک بسٹر ویڈیو گیم میں جلوہ گر ہونگے ، تاہم اس بار ان کیساتھ ایک نئی سپر ہیروئن کی انٹری ہور ہی ہے جس کا نام کمالہ خان ہے ۔سپر ہیرو کا یہ کردار ایک پاکستانی نژاد امریکی مسلمان لڑکی ہے جسکے پاس اپنی صورت اور روپ تبدیل کرنے کی صلاحیت موجود ہے ، اسے مس مارول کے طور پر گیم کے مرکزی کرداروں میں شامل کیا گیا ہے ، صارفین کی جانب سے اس کردار کو بہت پذیرائی مل رہی ہے ۔کمالہ خان کے کردار کو مارول ایڈیٹر اور ڈائریکٹرثنا امانت نے بطور شریک تخلیق کار 2014 میں بنایا تھا۔ ثنا خود بھی امریکی مسلم خاتون ہیں اور کہتی ہیں کہ یہ بہت اہم ہے اور کیوں نہ ہو، پاکستانیوں اور مسلمانوں کے پاس ایسے کردار اور کہانیاں ہیں جو انہیں متاثر کریں، عموماً ویڈیو گیمز میں انہیں دہشت گرد یا ولن دکھایا جاتا ہے ، اب ہمارے پاس ایک بااختیار نوجوان مسلم لڑکی کا کردار ہے جو مسلمان بچوں کیلئے رول ماڈل ہے اور انہیں متاثر کر سکتی ہے ۔کمالہ خان کو 2014میں متعارف کرایا گیا جو 16سالہ پاکستانی نژاد امریکی لڑکی ہے اور نیوجرسی میں پلی بڑھی ہے ۔