اسلام آباد، راولپنڈی (سپیشل رپورٹر،این این آئی)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کشمیر متنازعہ علاقہ ہے اور جارحیت کے ذریعے اسکی متنازعہ حیثیت میں تبدیلی کی ہر کوشش کا قومی عزم اور فوجی طاقت سے جواب دیا جائیگا۔قومی توقعات کے مطابق اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کرینگے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی ار کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عیدالفطر کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر پونا سیکٹر کا دورہ کیا اور جوانوں کیساتھ نماز عید ادا کی، ملکی سلامتی اور خوشحالی کی دعا کی۔ بری فوج کے سربراہ نے فوجی افسروں اور جوانوں سے گفتگو کی، پاک فوج کے فرنٹ لائن سولجر کی پیشہ ورانہ اور آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔ پاک فوج کے افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ ہم بھارتی مظالم کے شکار کشمیریوں کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عید منا رہے ہیں ۔ بھارتی قابض فوج کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتی۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات، لاک ڈائون کا مقصد انسانی حقوق کی خلاف ورزیو ں سے عالمی توجہ ہٹانا ہے ، اسی وجہ سے بھارت لائن آف کنٹرول پر سول آبادی کو نشانہ بناتا ہے ۔ پاکستان آرمی تمام خطرات سے بخوبی آگاہ ہے ، جنوبی ایشیاء میں عدم استحکام کی کوششوں کے سنگین نتائج نکلیں گے ۔جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کیخلاف پاک آرمی کے جوانوں کا حوصلہ قابل تعریف ہے ۔ امید کرتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو آزادانہ نقل و حمل کو اہمیت دی جائیگی۔ اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو آزاد کشمیر میں مکمل آزادی ہے ۔ آزمائش میں ہونے کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد ضرور کامیاب ہو گی۔ اس مشکل وقت میں قوم اﷲ تعالیٰ کی خصوصی رحمت کیلئے دعاگو ہے ، خوشی کے تہواروں پر گھر سے دور ایک سپاہی کی فرض کی ادائیگی قابل فخر ہے ، پاک فوج غیر متزلزل عزم کیساتھ یہ فرض ادا کرتی رہیگی۔