کراچی (کامرس رپورٹر)کلکٹر آف کسٹمزڈاکٹر محمدندیم میمن نے کمرشل امپورٹرز کودرپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ درآمدی سطح پرمحکمہ کسٹمز درآمدکنندگان کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گا۔ یہ بات انہوں نے پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے ) کے چیئرمین و سابق ڈائریکٹر پاکستان اسٹاک ایکسچینج امین یوسف بالاگام والاکی سربراہی میں ملاقات کرنے والے وفدسے بات چیت میں کہی۔وفد میں پی سی ڈی ایم اے کے ممبر امجد یعقوب ،محمد ادریس اور محمد صابر بھی شامل تھے ۔کلکٹر آف کسٹمزڈاکٹر محمدندیم میمن نے پی سی ڈی ایم اے کے وفد سے وی بوک سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ ایسوسی ایشن کے ممبران کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ درآمدات میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ ہو اور صنعتوں کو بروقت خام مال کی ترسیل ممکن بنائی جاسکے ۔