لاہور ،فیصل آباد( سپیشل رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک ،خصوصی رپورٹر) رائیونڈ میں 2 کمسن بہن بھائی پراسرار طور پر جاں بحق،دیگر واقعات میں دوشیزہ سمیت 4 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق رائیونڈ کے علاقے بھچوکی میں 2 کم سن بہن بھائی پراسرار طورپر جاں بحق ہوگئے ۔پولیس کے مطابق سوتیلی ماں نے مبینہ طورپر 2 بچوں کوکرنٹ لگا کرمارا۔وقوعہ کے بعد سوتیلی ماں موقع سے غائب ہے ۔ ابتدائی طور پر پولیس کو دونوں بچوں کو کرنٹ لگنے کے شواہد ملے ہیں۔ فیصل آباد کے علاقے فیکٹری ایریا کے رہائشی بوٹا کی بیٹی مہوش کو اسکا محبوب چیچہ وطنی کا رہائشی اشفاق ملنے کیلئے گھر آیا تو اسی دوران اہل خانہ نے دونوں کو دیکھ لیا اور فائرنگ کر کے دونوں کو قتل کر ڈالا۔ ڈجکوٹ میں رندھاوا گروپ نے فائرنگ کرکے آرائیں گروپ کے ثاقب اور ریاض زخمی کردیا،دونوں نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا، پولیس نے تفتیش شروع کر دی۔